سنیل دت کی سالگرہ پر والد کو یاد کرکے سنجے اداس
بالی وڈ اداکار سنجے دت کا کہنا ہے کہ ان کے مرحوم والد سنیل دت ان کی طاقت کی بنیاد ہیں اور وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اپنی زندگی میں ان کی کمی محسوس کرتے ہیں۔
گزشتہ روز مرحوم اداکار و سیاستدان سنیل دت کی سالگرہ کے موقع پر ان کے بیٹے سنجے دت نے والد کے ساتھ گزارے گئے دنوں کو یاد کیا اور ماضی کی چند یادگار تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ‘انڈو ایشین نیوز سروس’ کو دیئے گئے بیان میں سنجے نے اپنے والد کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ‘ہیپی برتھ ڈیڈ، اگرچہ آپ یہاں نہیں ہیں لیکن میں اپنی ہر سانس میں آپ کی موجودگی محسوس کرتا ہوں۔’
سنجے نے مزید کہا، ‘میں اُس وقت کو یاد کرتا ہوں، جب ہم ساتھ تھے اور آپ کی سکھائی ہوئی باتوں پر عمل کرنے کی کوشش کرتا ہوں، ہم آپ کو بہت مس کرتے ہیں۔’
اداکار نے انسٹاگرام پر بھی اپنے والد کے ساتھ لی گئی اپنی بچپن کی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کی۔
اس سے قبل 25 مئی کو بھی سنجے دت نے اپنے والد کے ساتھ ایک یاگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا، ‘کاش آپ مجھے ایک آزاد انسان کے طور پر دیکھ پاتے۔’
واضح رہے کہ سنیل دت ممبئی سے کانگریس کے رکن اسمبلی کے عہدے پر فائز رہے، انہوں نے فلم ‘مجھے جینے دو’، ‘یادیں’ اور ‘خاندان’ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
سنیل دت کا انتقال 2005 میں دل کے دورے کے باعث ہوا تھا۔
سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ‘سنجو’ میں بھی مداحوں کو سنیل دت کی جھلک اور سنجے کے ساتھ ان کے تعلق کی نوعیت دیکھنے کو ملے گی۔
راج کمار ہیرانی کی اس فلم میں پاریش روال ، سنیل دت جبکہ رنبیر کپور، سنجے دت کے روپ میں نظر آئیں گے۔