سونم اور کرینہ کا ’تعریفاں‘ مختلف انداز سے فلمانے کی کوشش
بولی وڈ میں آئٹم سانگز فلم میں ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے، گزشتہ ایک دہائی سے ہر فلم کو مصالحے دار بنانے کے لیے ایسے گانے شامل کرنے کی روایت ہے۔
آئٹم سانگ کا نام آتے ہی اکثر لوگ یہی خیال کرتے ہیں کہ کوئی خوبرو اداکارہ کئی بولڈ معاون اداکاراوں کے ساتھ مختصر لباس میں رقص کرتی نظر آئیں گی۔
تاہم کچھ گانے ایسے بھی ہیں، جن میں تمام تر مصالحہ اور مزہ ایک ہی مرکزی و بولڈ اداکارہ کے گرد گھومتا ہے۔
بولی ووڈ کی آنے والی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کا منفرد آئٹم گانا ’تعریفاں‘ دیگر گانوں سے کسی حد تک مختلف ہے۔
سونم کپور، کرینہ کپور، سورا بھاسکر اور شیکھا تلسانی کی کامیڈی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ ، جس کا پہلا ٹریلر گزشتہ ماہ 25 اپریل کو جاری کیا گیا تھا، کا پہلا گانا بھی جاری کردیا گیا۔
’تعریفاں‘ کے عنوان سے جاری کیے گئے گانے میں کرینہ، سونم، سوارا اور شیکھا کے بولڈ انداز کو ایسے فلمایا گیا ہے، جس انداز میں زیادہ تر گانوں میں لڑکوں کو دکھایا جاتا ہے۔
گانے میں روایتی انداز کو بدلتے ہوئے عورتوں کی حکمراں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے، اسی وجہ سے بولڈ انداز میں رقص کرتی چاروں سہیلیوں کے گرد لڑکوں کے ٹولے نظر آتے ہیں۔
گانے کو ریپر ’بادشاہ‘ نے گایا ہے، جب کہ اس کی موسیقی کرن مہتا نے ترتیب دی ہے، ’تعریفاں‘ کے بول کرن مہتا، بادشاہ اور رپن پشوا نے لکھے ہیں۔
گانے کو 2 روز میں 11 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی کوریوگرافی معروف ڈائریکٹر فرح خان نے کی ہے، جنہوں نے اس گانے میں خواتین کو روایات بدلنے اور حکمرانی کرنے کے انداز میں دکھانے کی کوشش کی ہے۔
فرح خان نے اس گانے کی کوریوگرافی کے حوالے سے کہا تھا کہ ان کے کیریئر میں یہ اپنے انداز کا پہلا منفرد گانا ہے، جس میں اگرچہ ایک ساتھ 4 لڑکیاں بولڈ انداز میں رقص کرتی نظر آتی ہیں، تاہم ان کے آگے پیچھے، دائیں، بائیں لڑکوں کے ٹولے نظر آتے ہیں۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ’تعریفاں‘ سے پہلے انہوں نے 13 سال قبل 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بلف ماسٹر‘ کے گانے ’ایک میں اور ایک تو‘ کو بھی اسی انداز میں بنانے کی کوشش کی تھی۔
خیال رہے کہ ’ویرے دی ویڈنگ‘ کو آئندہ ماہ یکم جون کو ریلیز کیا جائے گا۔