سونم اور آنند کی شادی کا استقبالیہ: شاہ رخ، سلمان نے خوب محفل جمائی
دیگر بالی وڈ اسٹارز سمیت شاہ رخ خان اور سلمان خان نے بھی گزشتہ روز سونم کپور کی شادی میں شرکت کرکے تو چار چاند لگائے ہی، لیکن استقبالیہ تقریب میں دونوں نے ایسی محفل جمائی کہ سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔
کنگ خان تو اکثر اس قسم کی تقریبات میں نظر آ ہی جاتے ہیں لیکن سلمان خان کی شرکت کم کم ہی نظر آتی ہے اور کسی تقریب میں اگر یہ دونوں ساتھ ہوں تو سب کا دل جیت لیتے ہیں۔
گذشتہ رات سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی کے استقبالیے میں شاہ رخ خان نے اپنی اہلیہ گوری کے ساتھ شرکت کی جب کہ سلمان خان ہمیشہ کی طرح اکیلے آئے ۔
اس موقع پر دونوں خانز نے دیگر اسٹارز اور دلہا دلہن کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور شادی کی مبارکباد پیش کی۔
استقبالیہ تقریب میں سونم ہمیشہ کی طرح خوبصورت نظر آئیں جبکہ آنند آہوجا نے شیروانی کے ساتھ جوگرز پہن کر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔
تقریب میں سلمان خان نے گلوکار میکھا سنگھ کے ساتھ بالی وڈ فلموں کے گانے گائے اور ساتھ میں شاہ رخ خان اور انیل کپور کے ساتھ خوب رقص کیا۔
یہی نہیں دونوں خانز نے مل کر دلہا میاں آنند آہوجا کے ساتھ بھی خوب ڈانس کیا۔
سلمان اور شاہ رخ کے ساتھ رنویر سنگھ اور ورون دھون بھی شامل ہوئے اور خوب موج مستی کی۔
رقص کی ویڈیوز تو سوشل میڈیا پر خوب مقبول ہوئی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ سلمان خان کی کترینہ کیف سے ملاقات کی ویڈیو اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سونم کپور اپنے قریبی دوست آنند آہوجا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔
اداکارہ کی شادی میں بالی وڈ کے نامور ستاروں نے شرکت کی اور چار چاند لگائے، جن میں امیتابھ بچن، ورون دھون، ارجن کپور، رانی مکھرجی، کرشمہ کپور، کرینہ کپور، سیف علی خان، ننھے تیمور، جیکولین فرنینڈز، رنویر سنگھ اور دیگر شامل تھے۔