Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

سونم اور آنند کی رومانوی کہانی کا آغاز کیسے ہوا؟

بولی وڈ اداکارہ سونم کپور کی لندن سے تعلق رکھنے والے آنند اہوجا کے ساتھ شادی کی تو سوشل میڈیا ان کی شادی کی تقریبات سے بھر گیا جبکہ مداحوں نے بھی شادی کے دوران سونم کے انداز کو خوب سراہا۔

ان دونوں کی شادی تو پورے میڈیا نے دکھائی، لیکن ان کی رومانوی کہانی کے بارے میں کوئی نہیں جانتا۔

لیکن اب سونم کپور اور آنند اہوجا نے اپنی شادی کے بعد ووگ انڈیا کو ایک انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی رومانوی کہانی کا آغاز کیسے اور کہاں سے ہوا تھا۔

اپنے انٹرویو میں سونم کپور نے بتایا کہ انہوں نے آنند سے سب سے پہلے ملاقات کسی مقام پر نہیں بلکہ سنیپ چیٹ ایپ پر کی تھی۔

آنند اہوجا نے بتایا کہ ’ہم نے سنیپ چیٹ پر پیغامات کے ذریعے ایک دوسرے سے بات کرنا شروع کی تھی، ایک رات سونم نے کہا کہ میسج کرنا بند کرو اور مجھ سے فون پر بات کرو، جس کے بعد ہم نے دو گھنٹے فون پر بات کی‘۔

آنند نے مزید بتایا کہ اس کے بعد سونم اور انہوں نے ملنے کا فیصلہ کیا۔

آنند کے مطابق ’میں لندن میں رہتا تھا، جب سونم نے مجھ سے وہاں آکر ملنے کی خواہش کا اظہار کیا، وہ اپنے کسی کام کے باعث لندن آنے والی تھی، جب ہم ایک دوسرے سے ملے‘۔

خیال رہے کہ سونم کپور کو بولی وڈ کی فیشن آئکن کہا جاتا ہے، اور وہ ہمیشہ ہی ہر موقع پر کافی بہترین انداز میں نظر آتی ہیں، تو آنند سے پہلی ملاقات کے دوران یقیناً اداکارہ نے بہترین ڈریسنگ کی ہوگی۔

اس پر سونم نے اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب پہلی بار ہم دونوں لندن میں ملے تھے، تب نہ تو میں بہت زیادہ تیار ہوئی تھی اور نہ ہی آنند نے کوئی خاص تیاری کی تھی، ہم دونوں بالکل سادہ لباس میں ایک دوسرے سے ملے، ہم پورے دن لندن کی سڑکوں پر گھومے اور ٹھیک دو سال بعد اس ہی دن ہم نے ممبئی میں شادی کی‘۔

سونم نے مزید کہا کہ ’لندن میں اس دن آنند کے ساتھ گھومتے ہوئے مجھے اندازہ ہوگیا کہ یہ وہی ہے جس کے ساتھ میں اپنی زندگی گزارنا چاہتی ہوں، سب کچھ بہت آسان تھا اور بس وہیں سے ہماری رومانوی کہانی کا آغاز ہوگیا‘۔

یاد رہے کہ سونم کپور کئی بولی وڈ فلموں میں کام کرچکی ہیں، تاہم آنند کو سونم کی کون سی فلم سب سے زیادہ پسند ہے؟

اس کا جواب دیتے ہوئے آنند نے بتایا کہ انہیں سونم کپور کی 2014 میں ریلیز ہوئی فلم ’خوبصورت‘ بےحد پسند ہے، کیوں کہ سونم حقیقی زندگی میں بالکل ایسی ہی ہیں۔

آنند نے سونم کی فلموں ’نیرجا‘ اور ’عائشہ‘ کی بھی تعریف کی۔

واضح رہے کہ فلم ’خوبصورت‘ میں سونم کپور کے ساتھ پاکستانی اداکار فواد خان نے کام کیا تھا، جو بولی وڈ میں ان کی ڈیبیو فلم تھی۔

یاد رہے کہ سونم اور آنند کی شادی رواں سال 8 مئی کو ممبئی میں ہوئی تھی، تاہم وہ ایک دوسرے کو شادی سے کئی سال پہلے سے جانتے تھے۔

 

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.