سونم کی وجہ سے بھائی ہرش وردھن کو بڑا نقصان
بولی وڈ اداکارہ سونم کپور کی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ رواں ماہ یکم جون کو ریلیز ہوئی، تاہم دلچسپ بات یہ تھی کہ اس دوران سونم کپور کا باکس آفس پر مقابلہ کسی اور اداکار نہیں بلکہ اپنے بھائی ہرش وردھن سے ہی تھا۔
انیل کپور کے اکلوتے بیٹے ہرش وردھن کپور کی فلم ’بھاویش جوشی‘ بھی یکم جون کو ریلیز کی گئی، تاہم اداکار کو اپنی ہی بہن کے باعث بہت بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
جہاں سونم کپور کی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ نے ریلیز سے اب تک شاندار بزنس کرلیا، وہیں ہرش وردھن کی فلم ’بھاویش جوشی‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے روز 50 لاکھ روپے اور اب تک قریب صرف ایک کروڑ ہندوستانی روپے کمائے۔
ہرش وردھن کی فلم کی اس معمولی کمائی کے باعث سینما مالکان نے اپنی اسکرینز پر سے بھاویش جوشی کو ہٹا کر ویرے دی ویڈنگ کی نمائش کا فیصلہ کرلیا ہے۔
فلم بھاویش جوشی کو ہندوستان بھر میں چالیس سے زائد اسکرینز پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم اب اس کی ناکامی کے باعث اسے اسکرینز سے ہٹا کر ویرے دی ویڈنگ اور دوسرے فلموں کو دکھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
خیال ہے کہ سونم کپور کی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ چار دوستوں کی کہانی ہے جو اپنی شادی شدہ زندگی کے مسائل میں مبتلا ہیں۔
اس فلم میں سونم کپور کے ساتھ کرینہ کپور خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
جبکہ بھاویش جوشی بولی وڈ میں ہرش وردھن کپور کی دوسری فلم ہے، اس فلم کی کہانی ایک ایسے لڑکے پر مبنی ہے جو سپر ہیرو بن کر اپنے شہر سے برائی کے خاتمے کی کوشش کرے گا۔