سونم کپور کی شادی کا باضابطہ اعلان ہوگیا
بالی وڈ اداکارہ سونم کپور اپنے دوست آنند آہوجا سے 8 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
سونم کپور کی شادی کی خبریں سال کے آغاز سے ہی شہ سرخیوں میں رہی ہیں کہ وہ اپنے قریبی دوست آنند آہوجا سے شادی کررہی ہیں تاہم اس کی تصدیق دونوں میں سے کسی خاندان نہیں کی تھی۔
گزشتہ دنوں بھی سونم کپور کے گھر کو برقی قمقموں سے سجائے جانے کے بعد ایک بار پھر ان کی شادی کی خبریں زور و شور سے سامنے آئیں تھیں جس پر ان کے والد انیل کپور نے بھی صحیح وقت آنے پر شادی سے متعلق بتانے کا وعدہ کیا تھا۔
اب دونوں خاندانوں نے مشترکہ بیان میں سونم کپور کی آنند آہوجا سے شادی کی خبروں کی تصدیق کردی ہے ۔
دونوں خاندانوں کے بیان کے مطابق سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی 8 مئی کو ممبئی میں ہی ہوگی جس میں قریبی دوست شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ سونم کپور اور دہلی کے بزنس مین آنند آہوجا کئی سالوں سے دوست ہیں اور دونوں کو متعدد مقامات پر ایک ساتھ بھی دیکھا جاچکا ہے۔
آنند آہوجا نے سونم کپور کے ساتھ سرکاری اعزاز کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی جس کے بعد سے ہی دونوں کی شادی کی چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں۔