سونم کپور کے شوہر نے اپنا نام بدل کر آنند ایس آہوجا کیوں رکھ لیا؟
بولی وڈ اسٹار سونم کپور گزشتہ دنوں شادی کے بندھن میں بندھ گئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ میں اپنے نام کو تبدیل کرکے سونم کپور آہوجا کرلیا، مگر کسی نے اس دلچسپ بات پر توجہ نہیں دی کہ ان کے شوہر نے بھی اپنے نام کو بدلا ہے۔
جی ہاں انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق آنند آہوجا نے اپنا نام بدل کر آنند ایس آہوجا کرلیا ہے یعنی اپنی بیوی کا نام اپنے نام کے آگے لگالیا ہے۔
سونم کپور نے انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا ‘ جب میں نے انسٹاگرام پر اپنا نام بدل کر سونم کپور آہوجا رکھا تو مجھے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، حالانکہ میں حقوق نسواں کی پرزور حامی ہوں اور اپنے انتخاب پر یقین رکھتی ہوں۔ میرے شوہر یا ان کے خاندان نے مجھے کچھ بھی کرنے کو نہیں کہا، نام بدلنے کا فیصلہ میں نے خود کیا’۔
انہوں نے مزید کہا ‘ میرے نام بدلنے پر لوگوں نے شدید تنقید کی جبکہ میرے شوہر کے نام بدلنے پر کسی نے توجہ نہیں دی، حالانکہ میں نے انہیں ایسا کرنے کو نہیں کہا تھا، انہوں نے یہ خود کیا’۔
سونم کپور کا کہنا تھا ‘ میں ہمیشہ کہتی ہوں کہ میں ایک فیمینسٹ ہوں، میرے پاس نام بدلنے کا انتخاب ہے، کپور میرے والد کا نام ہے تو وہ بھی ایک مرد کا ہی نام ہے، تو میں نے شوہر اور باپ دونوں کے ناموں کو اپنے نام کے ساتھ لگالیا۔ آنند نے بھی اپنے نام کو بدلا، مگر کسی نے اس پر کچھ نہیں لکھا’۔
سونم کپور کے مطابق نام میں اضافہ آنند کو ان کے خاندان کا حصہ بنانا ہے ‘ اگر آپ اپنے والد کا احترام کرتے ہیں، تو آپ کو وہی احترام شوہر کا بھی کرنا چاہئے، میں آنند کے خاندان کا حصہ بننا چاہتی ہوں اور وہ میرے خاندان کا، یہ ایک پیچیدہ بحث ہے مگر یہ میرا انتخاب ہے۔ کسی کو بھی میرے انتخاب کو حقوق نسواں کے موقف کے حوالے سے نہیں جانچنا چاہئے’۔