سوناکشی سنہا نے شروع کی’نکیتا رائے‘ کی شوٹنگ، یہ ستارے بھی نبھائیں گے اہم کردار
سوناکشی سنہا کو آخری بار بڑے پردے پر سال 2019 میں سلمان خان کے ساتھ فلم ‘دبنگ 3’ میں دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کی فلم ‘بھوج: دی پرائیڈ آف انڈیا’ بھی آئی لیکن یہ فلم او ٹی ٹی پر ریلیز ہوئی۔
سوناکشی سنہا کے مداح کافی عرصے سے ان کی اسکرین پر واپسی کا انتظار کر رہے تھے۔ وہ آخری بار ‘بھوج: دی پرائیڈ آف انڈیا’ میں نظر آئی تھیں۔ حال ہی میں اداکارہ کی آنے والی فلم کا اعلان کیا گیا ہے اور اب سوناکشی نے اس فلم کی شوٹنگ بھی شروع کردی ہے۔ سوناکشی سنہا نے لندن میں اپنی فلم نکیتا رائے اینڈ دی بک آف ڈارکنیس کی شوٹنگ شروع کردی ہے۔ فلمی نقاد ترن آدرش نے سوناکشی کی آنے والی فلم کے بارے میں معلومات شیئر کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں اداکارہ کلیپ بورڈ ہاتھوں میں لیے نظر آرہی ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ اس فلم کی ہدایت کاری کوئی اور نہیں بلکہ سوناکشی سنہا کے بھائی کش سنہا کررہے ہیں۔ کش اس فلم سے ہدایت کاری کے میدان میں پہلا قدم رکھنے جا رہے ہیں۔ انسٹاگرام پر کش نے ‘نکیتا رائے’ کا پوسٹر شیئر کیا ہے جس میں سوناکشی سنہا کا روپ نظر آرہا ہے۔ سوناکشی، بھائی کش کی فلم سے فلمی پردے پر واپسی کرنے جا رہی ہیں۔ کش نے اس پوسٹر کے ساتھ کیپشن میں لکھا، ‘اپنی پہلی فلم ‘نکیتا رائے اینڈ دی بک آف ڈارکنیس’ کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔
سوناکشی سنہا ان دنوں لندن میں ہیں جہاں فلم کی شوٹنگ جاری ہے۔ فلم ‘نکیتا رائے’ میں سوناکشی کے علاوہ پاریش راول اور سہیل نیئر بھی نظر آئیں گے۔ ‘نکیتا رائے اینڈ دی بک آف ڈارکنیس’ این وی بی فلمز کی طرف سے پروڈیوس کی جا رہی ہے، جس کی سربراہی نکی بھگنانی، وکی بھگنانی اور انکور تاکارانی، کش ایس سنہا کی کریٹوس انٹرٹینمنٹ اور نکیتا پائی فلمز کی کنجل گھونے کر رہے ہیں۔