شاہ رخ خان کی جانب سے ٹھکرائی جانے والی 7 بلاک بسٹر فلمیں
بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کے دوران بولی وڈ کو متعدد بلاک بسٹر فلمیں فراہم کیں۔ تاہم وہیں کچھ ایسی فلمیں بھی ہیں جو شاہ رخ خان کو آفر تو ہوئیں مگر انہوں نے ان فلموں کو ٹھکرادیا اور بعد میں وہ بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔
آج ہم آپ کو شاہ رخ خان کی جانب سے ٹھکرائی جانے والی ان فلموں کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جو دوسرے اداکاروں کے لئے خوش قسمتی کی علامت ثابت ہوئیں اور خوب ہِٹ ہوئیں۔
ایک تھا ٹائیگر
کیا آپ جانتے ہیں سلمان خان سے قبل ‘ایک تھا ٹائیگر’ شاہ رخ خان کو آفر ہوئی تھی؟ جی ہاں! آپ نے صحیح سنا یہ فلم سلمان خان سے قبل شاہ رخ خان کو آفر ہوئی تھی، انہیں اسکرپٹ بھی بے حد پسند آیا مگر تاریخوں کا کچھ مسئلہ تھا جس پر انہوں نے اس فلم کو چھوڑ دیا اور یہ کردار سلمان خان کو مل گیا۔
تھری ایڈیٹس
لگان اور رنگ دے بسنتی کے بعد تھری ایڈیٹس وہ تیسری فلم تھی جسے ٹھکرانے کا پچھتاوا شاہ رخ خان کو ساری زندگی رہے گا۔ یہاں بھی شاہ رخ خان کو تاریخوں کے مسائل کی وجہ سے ہی پیچھے ہٹنا پڑا تھا۔ شاہ رخ خان کا پیچھے ہٹنا عامر خان کو فائدہ دے گیا اور یہ فلم بھی بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔
منا بھائی ایم بی بی ایس
ذرا سوچیئے شاہ رخ خان اگر منا بھائی ایم بی بی ایس میں منا بھائی کا کردار نبھاتے تو کیسا لگتا؟ جی ہاں ایسا ہو بھی سکتا تھا کیونکہ اس فلم میں مرکزی کردار کے لئے بھی پہلے شاہ رخ خان سے رابطہ کیا گیا تھا جبکہ سنجے دت کو اس فلم میں ظہیر کا کردار ادا کرنا تھا۔ لیکن جیسے ہی شاہ رخ خان نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کیا تو یہ موقع سنجے کے ہاتھ لگ گیا جسے انہوں نے دونوں ہاتھوں سے تھام لیا۔
لگان
بولی وڈ فلم لگان کو ہم جب بھی دیکھتے ہیں تبھی ایک دلچسپی پیدا ہوجاتی ہے۔ اگر یہ بات کہی جائے کہ عامر خان یہ فلم ٹھکرانے پر شاہ رخ خان کا شکر ادا کر ہی نہیں سکتے تو غلط نہ ہوگا۔ جی ہاں! عامر خان کے کیریئر کی سب سے کامیاب فلم لگان بھی پہلے شاہ رخ خان کو ہی آفر ہوئی تھی مگر ان کے فلم سے انکار کے بعد یہ موقع عامر خان کو مل گیا۔
کہو نہ پیار ہے
ہریتک روشن کی ڈیبیو فلم کہو نہ پیار ہے بھی پہلے شاہ رخ خان کو آفر ہوئی تھی تاہم انہوں نے اسکرپٹ میں دلچسپی نہ لی اور انکار کردیا جس کے بعد ہریتک کی قسمت کا تارہ چمک اٹھا۔
جودھا اکبر
بولی وڈ حلقوں میں یہ افواہیں بھی گردش کرتی ہیں کہ فلم جودھا اکبر کے لئے ہریتک سے قبل شاہ رخ خان کو اس کردار کی پیشکش ہوئی تھی۔ لیکن شاہ رخ خان نے ٹف شیڈول اور شوٹنگ کی لوکیشن دور ہونے کی وجہ سے یہ آفر بھی ٹھکرادی۔
رنگ دے بسنتی
شاہ رخ خان نے رنگ دے بسنتی کو ٹھکرا کر عامر خان کو ایک اور بہترین تحفہ دیا۔ عامر خان نے شاہ رخ کے انکار کے بعد دونوں ہاتھوں سے اس ہاتھ آئی آفر کو دبوچ لیا۔