Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

’سنجو‘ کی کامیابی کے بعد کاجول بھی اپنی زندگی پرفلم پر بول پڑیں

بولی وڈ کے بابا 55 سالہ سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’سنجو‘ کی کامیابیاں جاری ہیں۔

جہاں فلم نے ابتدائی 2 دن میں 75 کروڑ روپے بٹور کر کئی ریکارڈ بنائے، وہیں فلم کے مضبوط اسکرپٹ اور جاندار اداکاری کی وجہ سے بھی اس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی بولی وڈ اداکار کی زندگی میں ہی ان پر فلم بنائی گئی جو امیدوں پر پورا اترتے ہوئے کامیاب بھی گئی۔

’سنجو‘ کی کامیابی کے بعد بولی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ 43 سالہ کاجول نے بھی اپنی زندگی پر فلم بنانے کے حوالے سے بات کی ہے۔

اپنی زندگی پر فلم بنانے کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی نہیں چاہیں گی کہ کوئی ان کی زندگی میں ہی ان کے اوپر فلم بنائیں۔

ممبئی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کاجول کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں وہ کبھی بھی یہ نہیں چاہیں گی اور نہ ہی وہ کسی کو اس بات کی اجازت دیں گی کہ ان کی زندگی میں ہی ان پر فلم بنائی جائے۔

کاجول نے ’سنجو‘ کا حوالہ دیے بغیر بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں وہ اپنی مکمل زندگی گزار رہی ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ وہ ایک طرح کی بائیوگرافی فلم جیسی زندگی ہی جی رہی ہیں۔

ماضی میں اپنی اداکاری اور فلموں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان سے متعلق اکثر لوگ یہ کہتے اور سوچتے ہیں کہ انہیں یہ کرنا چاہیے تھا، وہ کرنا چاہیے تھا، تاہم انہیں ماضی میں کیے گئے اپنے کام پر کوئی افسوس نہیں۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ انہوں نے یہ کیوں کیا یا وہ کیوں کیا، انہوں نے آج تک جو بھی کیا ہے، وہ اس سے بہت خوش ہیں۔

اداکارہ نے گفتگو کے دوران اپنے کیریئر اور زندگی سے کوئی شکوہ کیے بغیر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

اپنی زندگی پر فلم کے حوالے سے قبل رواں ماہ 12 جون کو کاجول نے ہولی وڈ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

حال ہی میں ریلیز ہونے والی اینیمیڈ سپر ہیرو فلم ’انکریڈیبلز 2‘ کے ہندی ورژن میں آواز ڈب کرنے کے بعد انہوں نے پہلی بار اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ہولی وڈ فلم میں کام کرنا چاہیں گی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر انہیں اچھے اسکرپٹ کی ہولی وڈ فلم میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ اس میں ضرور کام کریں گی۔

خیال رہے کہ 43 کاجول نے 1992 سے فلم ’بے خودی‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے شاہ رخ اور اجے دیوگن سمیت متعدد اداکاروں کے ساتھ جوہر دکھائے۔

اسکرین پر انہیں شاہ رخ خان کے ساتھ زیادہ پسند کیا جاتا رہا، تاہم 1999 میں انہوں نے اجے دیوگن سے شادی کرلی۔

لگ بھگ 50 فلموں میں جلوہ گر ہونے والی اداکارہ کی والدہ تنوجا بھی اداکارہ تھیں۔

کاجول کو اجے دیوگن سے ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے، وہ اس وقت آنے والی فلم ’ایلا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں وہ پہلی بار ایک گلوکارہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.