’سنجو‘ کے والد سے ملیے
بولی وڈ اداکار رنبیر کپور اپنی اگلی فلم ’سنجو‘ میں وہ سنجے دت کا کردار ادا کرنے جارہے ہیں، جس میں پریش راول ان کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
فلم کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے ’سنجو‘ کا نیا پوسٹر ریلیز کردیا، جس میں رنبیر کپور پریش راول کے ساتھ موجود ہیں۔
اس پوسٹر کے ساتھ راجو ہیرانی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فلم ’سنجو‘ کی کہانی والد اور بیٹے کے رشتے پر مبنی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سنجے دت کے والد سنیل دت کے انتقال کو 13 سال مکمل ہوئے، جب سنجے نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والد کے ساتھ اپنی یادگار تصویر شیئر کی۔
#sanju is a father-son story. Meet the father today – Paresh Rawal. Had fun working with him. #RanbirKapoor @VVCFilms @foxstarhindi @SirPareshRawal pic.twitter.com/GXWYaNBvm3
— Rajkumar Hirani (@RajkumarHirani) May 26, 2018
اس تصویر پر اداکار نے لکھا کہ کاش ان کے والد انہیں اس طرح آزاد دیکھ سکتے۔
فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور سنجے دت کی زندگی کے کئی پہلوؤں کو پیش کریں گے، اس فلم میں سونم کپور، دیا مرزا، منیشا کوئرالا اور انوشکا شرما بھی کام کرتی نظر آئیں گی۔
ماضی میں پریش راول کا فلم کے حوالے سے اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’اس فلم میں کام کرنے کا تجربہ بہترین رہا جس کی ایک وجہ راج کمار ہیرانی ہیں‘۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پریش راول کو اس سے قبل سنجے دت کی کامیاب فلم منا بھائی ایم بی بی ایس میں کام کی آفر ملی تھی، جسے بعدازاں بومن ایرانی نے ادا کیا۔
فلم ’سنجو‘ رواں سال 29 جون کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔