‘سنجے دت میرے بیٹے کی زندگی خراب مت کرو’
رنبیر کپور بہت جلد ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی کی فلم ‘سنجو’ میں سنجے دت کے روپ میں نظر آئیں گے، مگر انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد رشی کپور بولی وڈ کے کھل نائیک ہیرو کو پسند نہیں کرتے تھے۔
ٹیلیگراف انڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں رنبیر کپور نے انکشاف کیا کہ ان کے والد نہیں چاہتے تھے کہ وہ سنجے دت کے ساتھ وقت گزاریں، یہاں تک کہ ایک بار انہوں نے سنجے کو فون کرکے کہا ‘میرے بیٹے کی زندگی خراب مت کرو، میں نہیں چاہتا کہ وہ تمہارے جیسا ہوجائے’۔
رنبیر کپور کا کہنا تھا ‘سنجے دت ہمیشہ سے مجھے چھوٹے بھائی کی طرح سمجھتے تھے، انہوں نے کافی سال پہلے ہارلے ڈیوڈ سن بائیک سالگرہ میں تحفے میں دی، ہمارے گھر ایک دوسرے کے قریب تھے اور جب میں چھوٹا تھا تو سنجے دت رات گئے میرے گھر آکر مجھے اپنی فراری میں سیر کے لیے لے جاتے اور مختلف کہانیاں سناتے۔ انہوں نے مجھے اسپورٹس کار بھی خرید کر دی، جس سے میرے والد کو بہت غصہ آیا اور انہوں نے سنجے کو فون کرکے خوب سناتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کو خراب مت کرو، میں نہیں چاہتا کہ وہ تمہارے جیسا بن جائے’۔
رنبیر کپور نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سنجو میں سنجے دت کی زندگی کے ایسے پہلوﺅں کو دکھایا گیا ہے، جس سے ان کے بچے بھی واقف نہیں ہوں گے ‘ جب میں نے اسکرپٹ پڑھا تو مجھے احساس ہوا کہ سنجے کے اس پہلو کے بارے میں مجھے علم نہیں تھا اور میرا نہیں خیال کہ ان کے بچے بھی اس بارے میں کچھ جانتے ہوں گے۔ فلم کا اختتام ایک خوبصورت جملے پر ہوتا ہے جس میں وہ اپنے بچوں کو کہتے ہیں، جب تم بڑے ہوجائے تو میرے والد کی طرح بننا، اپنے والد کی طرح نہیں’۔
انہوں نے ان الزامات کو رد کردیا کہ یہ فلم سنجے دت کو معصوم دکھانے کے لیے بنائی گئی ہے ‘ میرے خیال میں راجکمار ہیرانی اپنی زندگی میں اس مقام پر پہنچ چکے ہیں، جہاں انہیں دوسروں کی حمایت کے لیے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، وہ بس ایسی کہانی بنانا چاہتے ہیں جس میں ہم تفریح محسوس کرسکیں اور اس سے جڑ سکیں، میرے خیال میں سنجے دت کی زندگی کسی بہترین اسکرین پلے سے کم نہیں اور ایک خودغرض ڈائریکٹر کی حیثیت سے ہیرانی کو لگا کہ اس پر اچھی فلم بنائی جاسکتی ہے’۔
اس فلم میں رنبیر کپور کے ساتھ سونم کپور، انوشکا شرما، منیشا کوئرالہ، پاریش راول اور کرشمہ تنا سمیت دیگر بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
یہ فلم 29 جون کو دنیا بھر میں ریلیز کی جارہی ہے۔