سلمان خان کو شوٹنگ کے لئے ملک سے باہر جانے کی اجازت مل گئی
بولی وڈ کے دبنگ خان کی بڑی مشکل حل ہوگئی، انہیں جودھ پور ڈسٹرکٹ اینڈ سینٹرل کورٹ کی جانب سے فلم کی شوٹنگ کے لئے ملک سے باہر جانے کی اجازت مل گئی۔
رپورٹ کے مطابق دبنگ خان 25 مئی سے 10 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور نیپال سفر کریں گے۔ تاہم انہیں کورٹ کی شرائط اور ضمانت کے ضوابط پر عمل کرنا لازم ہوگا۔ انہیں 7 اپریل کو عدالت کی جانب سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔
سلمان کان کو 1998 کے کالا ہرن کیس میں 10 ہزار روپے جرمانہ اور 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
ضمانت پر رہا ہونے سے قبل دبنگ خان کو دو راتیں جودھ پور سینٹرل جیل میں گزارنا پڑی تھیں۔ ان کی رہائی کے وقت عدالت نے حکم جاری کیا تھا کہ انہیں ملک سے کہیں اور جانے کے لئے پہلے عدالت سے خصوصی اجازت وصول کرنا ہوگی۔
کالا ہرن کیس کی اگلی سماعت 7 مئی کو شیڈول ہے۔