سلمان خان کی سزا کیخلاف کپل شرما گالم گلوچ پر اتر آئے
بولی وڈ کے دبنگ خان کو جمعرات کے روز جودھ پور کی ٹرائل کورٹ نے کالا ہرن کیس میں 5 سال جیل اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد ان کے مداح اور مشہور شخصیات خاصے حیران اور پریشان نظر آئے۔
سلمان خان کو سزا ہونے کے بعد گزشتہ روز پریتی زنٹا ان سے ملاقات کے لئے جیل جاپہنچی تھیں جبکہ کپل شرما نے بھی اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے سلمان خان کی حمایت کرتے ہوئے گالم گلوچ کر ڈالی۔
کالا ہرن کیس کا فیصلہ آنے کے بعد کپل شرما ٹویٹر پر خاصے ایکٹو نظر آئے، انہوں نے اپنی ٹویٹس کی سیریز میں کورٹ کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سلمان خان کو ایک اچھا انسان قرار دیا۔
کپل نے لکھا ‘میں نے بہت سارے ایسے مہاراجہ ٹائپ لوگ دیکھے ہیں جو بڑے فخر سے بتاتے ہیں کہ ہم نے شیر کا شکار کیا، میں ملا ہوں اُن سے۔ سلمان بہت لوگوں کی مدد کرتا ہے، اچھا آدمی ہے۔ میں یہ نہیں جانتا کہ انہوں نے ایسا کیا ہے یا نہیں لیکن ہمیں ان کی بیسٹ سائیڈ دیکھنی چاہیئے، گھٹیا سسٹم،،،، مجھے اچھا کام کرنے دو’۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ وزیراعظم ہوتے تو ہر جھوٹی خبر پھیلانے والے کو تختہ دار پر لٹکا دیتے یا جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیتے۔
کپل کے ٹویٹس ملاحظہ کریں، اخلاقیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان میں سے چند الفاظ ہو چھپا دیا گیا ہے۔
اب یہ ٹویٹس ان کی ٹائم لائن پر موجود نہیں، انہیں ڈلیٹ کردیا گیا ہے۔ بعد ازاں کپل اپنی صفائیاں دیتے نظر آئے، ان کا کہنا تھا کہ میرا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا اس لئے گزشتہ ٹویٹس کو نظر انداز کیا جائے اور مجھے معاف کیا جائے۔
اب اکاؤنٹ ہیک ہوا یا نہیں یہ تو نہیں کہا جاسکتا تاہم کپل شرما کے ایسے ردعمل نے سب کو حیران کردیا تھا۔