صبا قمر ہولی وڈ ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں؟
پاکستانی اداکارہ صبا قمر جن کی بولی وڈ ڈیبیو فلم ’ہندی میڈیم‘ گزشتہ برس مئی میں ریلیز ہوئی تھی۔
اب ان کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ وہ جلد ہی ہولی وڈ ڈیبیو کرتی نظر آئیں گی۔
خیال رہے کہ صبا قمر سے پہلے بھی متعدد پاکستانی اداکار ہولی وڈ فلمز اور دیگر منصوبوں میں ڈیبیو کر چکے ہیں۔
صبا قمر سے پہلے عدنان صدیقی 2007 میں ریلیز ہونے والی تھرلر ڈرامہ فلم (A Mighty Heart) اداکارہ ماہنور بلوچ 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم (torn) اور اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع 2012 میں ریلیز ہونے والی تھرلر پولیٹیکل فلم (the reluctant fundamentalist) میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔
اس کے علاوہ بھی استاد نصرت فتح علی خان، عاطف اسلم اور دیگر پاکستانی اداکار و گلوکارہ ہولی وڈ فلموں و منصوبوں میں خصوصی اداکار کے طور پر جلوہ گر ہوچکے ہیں۔
اب نوجوان اداکارہ صبا قمر کے حوالے سے چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ جلد ہی ایک ہولی وڈ فلم معروف اداکار بین ایفلک کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گی۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ صبا قمر کی فلم کس موضوع پر ہوگی اور ان کا اس میں کیا کردار ہوگا، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے تصدیقی اطلاعات سامنے آئیں گے۔
ایکسپریس ٹربیون نے اپنی خبر میں صبا قمر کے قریبی ذرائع سے بتایا کہ اداکارہ اپنی پہلی ہولی وڈ فلم سے متعلق سوشل میڈیا اور میڈیا پر چلنے والی چہ مگوئیوں سے واقف ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جلد ہی صبا قمر ان افواہوں کے حوالے سے تصدیقی بیان جاری کریں گی۔
دوسری جانب ’دی نیوز انٹرنیشنل‘ نے اپنی خبر میں بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ صبا قمر ان دنوں ہولی وڈ ڈیبیو کی تیاریوں اور ٹریننگ میں مصروف ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ صبا قمر ہولی وڈ ڈیبیو کے لیے تلفظ کی درست ادائگی سمیت دیگر تکنیکی تربیت لینے میں مصروف ہیں۔
خیال رہے کہ صبا قمر کی پہلی بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ نے 70 کروڑ سے زائد بزنس کیا تھا، اس فلم نے چین میں بھی ریکارڈ کمائی کی تھی۔
صبا قمر جس اداکار کے ساتھ ہولی وڈ ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں، انہوں نے ’جسٹس لیگ، بیٹ مین ورسز سپر مین، پرل ہاربر،سوسائڈ اسکواڈ اور آئی کلڈ مائی لیزبین وائف‘ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔