روتی ہوئی عورت اور میت پر رومانس کا عرفان خان کا ’کارواں‘
بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان جو ان دنوں اینڈو نیوکرائن کے مرض کی وجہ سے لندن کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی آنے والی فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔
خیال رہے کہ عرفان خان کو رواں برس مارچ میں اینڈو نیو کرائن نامی کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ علاج کی غرض سے لندن منتقل ہوگئے۔
وہ تاحال لندن میں زیر علاج ہیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔
رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں انہوں نے طویل عرصے بعد ہسپتال سے اپنے ایک صحافی دوست کو خط بھی لکھا تھا، جو بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہوا۔
اس خط میں عرفان خان قدرے مایوس باتیں کیں اور بتایا کہ انہوں نے اب بیماری کے آگے سر تسلیم خم کرلیا ہے۔
اب ان کی آنے والی رومانٹک کامیڈی ٹریولنگ فلم ’کارواں‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں عرفان خان روایتی انداز میں اداکاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
’کارواں‘ میں ان کے ساتھ ڈکلر سلمان اور یوٹیوب اسٹار متھلا پارکر ایک انوکھا سفر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
فلم کی کہانی مرکزی اداکار ڈکلر سلمان کے والد کے روڈ حادثے میں ہلاک ہونے اور بعد ازاں ان کی لاش غلطی سے کسی دوسری جگہ چلانے اور پھر اس کی لاش کو تلاش کرنے کے گرد گھومتی ہے۔
ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈکلر سلمان ساتھی اداکار عرفان خان کو ساتھ لے کر اپنے والد کی لاش کو ڈھونڈنے نکلتے ہیں تو ان پر انکشاف ہوتا ہے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں جن کے پیارے کی لاش غلطی سے دوسری جگہ گئی ہے۔
یوں اپنے پیارے کی کھوئی لاش کو ڈھونڈنے کے لیے نکلنے والے اداکار کے ساتھ دیکھتے ہی دیکھتے کارواں بن جاتا ہے۔
فلم کی ہدایات اکرش کھرانہ نے دی ہیں، جب کہ اسے رونی اسکریو والا نے پروڈیوس کیا ہے۔
رومانٹک کامیڈی ٹریولنگ فلم کو رواں برس تین اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔