‘ریس 3’ کی شوٹنگ کے بعد سلمان اور جیکولین کی موٹرسائیکل پر سیر
بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اپنی آنے والی نئی فلم ’ریس 3‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اپنے اسی مصروف شیڈول میں سے وقت نکال کر وہ اپنی ساتھی اداکارہ جیکولین فرنینڈز کے ساتھ سیر سپاٹے اور انجوائے بھی کر رہے ہیں۔
فلم ’ریس 3‘ کی شوٹنگ ان دنوں جموں و کشمیر میں جاری ہے اور پوری ٹیم کشمیر کی خوبصورت وادیوں میں شوٹنگ کے ساتھ ساتھ سیر سپاٹے بھی کر رہی ہے۔
بھارتی نیوز ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فلم کی ٹیم نے وادی سونامرگ میں دو روز عکس بندی کی اور اس کے بعد وادی لداخ جانے کے لیے 9 موٹر سائیکلیں ممبئی سے منگوائی گئی ہیں۔
فلم کے ہدایت کار ریمو ڈیسوزا اور فلم ساز رمیش ترانی نے ایک ساتھ موٹر سائیکل پر سفر کیا جب کہ اداکارہ جیکولین، سلمان کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھیں۔
اس سیر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلمان خان بائیک چلا رہے ہیں اور اداکارہ پیچھے بیٹھی لطف اندوز ہورہی ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’ریس 3‘، 2008 میں ریلیز ہونے والی عباس مستان کی فلم ’ریس‘ کا تیسرا سیکوئل ہے۔
’ریس 3‘ کی کاسٹ میں سلمان خان، بوبی دیول، انیل کپور، جیکولین فرنینڈز اور ڈیزی شاہ شامل ہیں۔
فلم ’ریس 3‘ رواں برس عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہوگی۔