پریانکا نے بھارتیوں کا ایسا چہرہ دکھا دیا کہ پورا بھارت چیخ اٹھا
بولی وڈ کی انٹرنیشنل آئیکون پریانکا چوپڑا اپنے امریکی شو ‘کوائینٹیکو’ کی بدولت صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں خوب مشہور ہورہی ہیں۔ تاہم حال ہی میں جاری ہونے والی اس شو کی ایک قسط کے باعث اداکارہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پریانکا چوپڑا اس وقت اپنے شو کے تیسرے اور آخری سیزن کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں نشر کی گئی اس شو کی ایک قسط کے باعث پریانکا کے مداح ان سے کافی ناراض دکھائی دیئے ہیں۔
اس قسط میں دکھایا گیا ہے کہ چند بھارتی کردار امریکا کے ایک شہر میں حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، یہ کردار بعدازاں اپنے حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانے کا منصوبہ بھی کررہے ہیں۔
شو میں دکھایا گیا کہ اداکارہ اپنی ایف بی آئی ٹیم کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو ناکام بنا دیتی ہیں۔ قسط کے نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر بھارتی مداحوں نے بولی وڈ کی دیسی گرل پر اس طرح کے شو میں کام کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس حوالے سے بھارتی مداحوں کا کہنا تھا کہ کیا بھارت ایک دہشتگرد ریاست ہے؟ وہ پیسوں کی خاطر اپنے ملک کو بھی نیچا دکھانے کی کوشش کررہی ہیں، پریانکا چوپڑا نے اس طرح کے شو میں کام کرنے سے قبل کچھ سوچا ہی نہیں۔