پریانکا کا بنگلا دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ
بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بنگلادیش میں روہنگیا سے ہجرت کرکے آنے والے مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ کیا۔
پریانکا چوپڑا اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی جذبہ خیر سگالی کی سفیر ہیں اور گاہے بگاہے جنگ زدہ علاقوں اور مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ کرتی رہتی ہیں۔
اداکارہ ان دنوں بنگلا دیش کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سرحدی علاقے کوکس بازار میں قائم روہنگیا مسلمانوں کے مہاجرین کیمپ کا دورہ کیا۔
اداکارہ نے کیمپ کے دورے کے موقع پر مہاجرین کے مسائل سنے اور وہ بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں۔
I’m in Cox’s Bazaar, Bangladesh today for a field visit UNICEF, visiting one of the largest refugee camps in the world…https://t.co/PFhJgXwSpmhttps://t.co/quZxXEcDX5#ChildrenUprooted #UNICEFFieldVisit @unicef @UNICEFBD pic.twitter.com/NSSY0aNPuN
— PRIYANKA (@priyankachopra) May 21, 2018
پریانکا نے کیمپوں میں موجود مہاجرین کی حالت پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کی مشکلات پر روشنی بھی ڈالی۔
بالی وڈ اداکارہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ بنگلا دیش کے کوکس بازار میں موجود ہیں جہاں دنیا کے بڑے مہاجرین کیمپ کا دورہ کررہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگست 2017 سے اب تک 7 لاکھ افراد روہنگیا سے ہجرت کرکے بنگلا دیش پہنچے ہیں جس میں بچوں کی بڑی تعداد ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ بچے انسانی بحران سے گزر رہے ہیں جنہیں ہماری مدد کی سخت ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ نے گزشتہ سال اردن میں شام کے مہاجرین کیمپوں کا دورہ کیا تھا اور بچوں کے ساتھ وقت گزارا تھا۔
گزشتہ برس میانمار میں بدھ متوں کی جانب سے مسلم آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کو سفاکی سے قتل کیا گیا جب کہ اس قتل عام پر میانمار کی سیاسی رہنما آن سان سوچی کو شدید تنقید کا سامنا رہا اور آکسفورڈ یونیورسٹی نے احتجاجاً جامعہ کے مرکزی دروازے پرلگی سوچ کی تصویر بھی ہٹادی تھی۔