پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار کے درمیان محبت کی چہ مگوئیاں
اگرچہ یہ خبریں پہلے ہی گردش میں تھیں کہ بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا جب سے ہولی وڈ فلموں اور امریکی ڈرامے ’کوانٹیکو‘ میں نظر آئیں ہیں، تب سے وہ وہاں کسی سے محبت میں گرفتار ہوگئی ہیں۔
پریانکا چوپڑا بھی ماضی میں ایسی چہ مگوئیوں پر وضاحت کرتے ہوئے اگرچہ محبت ہوجانے کا اعتراف کر چکی ہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ کس سے محبت کرتی ہیں۔
پگی چوپس سے متعلق چہ مگوئیاں تھیں کہ وہ ’کوانٹیکو‘ یا پھر اپنی پہلی ہولی وڈ فلم ’بے واچ‘ کے کسی اداکار کے ساتھ محبت میں گرفتار ہوچکی ہیں۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ وہ اپنے کسی ساتھ اداکار کے بجائے گلوکار و موسیقار نک جونس سے محبت کر بیٹھی ہیں اور انہیں متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’یو ایس ویکلی‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے اس بات کی تصدیق کی کہ 35 سالہ بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور 25 سالہ گلوکار نک جونس ایک دوسرے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور انہیں گزشتہ ہفتے ایک تقریب میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔
Nick Jonas at the Dodgers game with Priyanka Chopra – May 26th pic.twitter.com/3ATDpqHFBP
— Nick Jonas News (@JickNonasNews) May 27, 2018
ذرائع نے تصدیق کی کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے 25 مئی کو امریکا کا میموریل ڈے پر ہونے والی ایک تقریب میں ایک ساتھ شرکت کی اور وقت گزارا۔
اس ملاقات سے قبل بھی دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جا چکا ہے، جب کہ پریکا چوپڑا ماضی میں اعتراف کر چکی ہیں کہ انہیں کسی سے محبت ہے، تاہم وہ اس شخص کا نام نہیں بتائیں گی۔
دوسری جانب نک جونس نیوز نامی ٹوئٹر ہینڈل سے بھی پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار کی تقریب میں ایک ساتھ شرکت کرنے کی مختصر ویڈیو شیئر کی گئی، جس کے بعد بھارت سمیت امریکی میڈیا میں چہ مگوئیاں تیز ہوگئیں ہیں کہ دونوں کے درمیان گہرے تعلقات ہیں۔
خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس 2017 میں کانز کے ’میٹ گالا‘ پر بھی ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے، جس کے بعد ان کے درمیان تعلقات کی چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں۔