پری ویڈنگ فنکشن میں ہاتھ تھامے نظر آئے رچا چڈھا اور علی فضل
اس سے پہلے اس جوڑے نے پری ویڈنگ فوٹو شوٹ کی تصویریں شیئر کی تھیں جن میں رچا اور علی فضل دونوں ساتھ میں پوز دیتے نظر آئے۔
بالی ووڈ کے ہاٹ کپل مانے جانے والے رچا چڈھا اور علی فضل کے پری ویڈنگ فنکشن شروع ہوگئے ہیں۔ شادی سے پہلے کی رسموں میں یہ جوڑا کافی رومانٹک انداز میں پوز دیتا نظر آیا۔ قریب 10 سال ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد علی اور رچا آخرکار ہم سفر بننے جارہے ہیں۔ خبروں کی مانیں تو اکتوبر 2022 کے پہلے ہفتے میں دونوں شادی کررہے ہیں۔ رچا اور علی کی شادی کی رسمیں شروع ہوچکی ہیں۔ جمعرات کو رچا نے اپنی مہندی کی کچھ تصویریں بھی شیئر کی تھیں۔ اب رچا چڈھا اور علی فضل کا ایک نیا ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں یہ جوڑا ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے پیپرازی کو پوز دیتے نظر آرہے ہیں۔
انسٹاگرام پر جاری ہونے والی اس ویڈیو میں، رچا چڈھا ہلکی سنہری چمکیلی ساڑھی میں بہت خوبصورت لگ رہی ہیں، انہوں نے میچنگ جیولری کے ساتھ اس انداز کو اور بھی دلکش بنا دیا ہے۔ رچا اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ کے ساتھ انتہائی ماڈرن دلہن کے انداز میں پوز دے رہی ہیں۔ دوسری جانب مرزا پور کے گڈو بھیا عرف علی فضل ہلکے گلابی رنگ کی زری دار شیروانی میں خوبصورت لگ رہے ہیں۔ میڈیا کے لیے پوز دیتے ہوئے جوڑے نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیا۔ شادی کی خوشی دونوں کے چہروں پر صاف نظر آرہی ہے۔ ویڈیو میں رچا بھی شرماتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔.