’ماڈرن سینما میں ولن غائب ہوتے جارہے ہیں‘
ماضی کی بولی وڈ فلموں میں ولن کا کردار ادا کرنے والے شکتی کپور کا ماننا ہے کہ ماڈرن سینما سے ولن کے کردار غائب ہوتے جارہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شکتی کپور نے اپنی اس رائے کا اظہار حال ہی میں ایک ڈانس شو میں شرکت کے دوران کیا۔
65 سالہ شکتی کپور کا کہنا تھا کہ ’بولی وڈ فلموں میں سالوں سے کئی بہترین اور منفرد ولن کے کردار پیش کیے گئے، لیکن فلم میں ایک منفی کردار کو رومانوی انداز میں پیش کرنا صرف آج کے وقتوں میں کیا جاتا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جیسے جیسے ٹرینڈ تبدیل ہورہا ہے، ماڈرن سینما سے ولن غائب ہورہے ہیں، اس لیے ہر اداکار کو ایسا ہونا چاہیے کہ وہ کوئی بھی کردار بہترین انداز میں ادا کرنے کے قابل ہو‘۔
شو میں شکتی کپور کے ساتھ موجود ماضی ایک اور بہترین اداکار گلشن گروور نے کہا کہ ’سینما میں اداکار اس دور میں بہت زیادہ تبدیل ہوگئی ہے، ولن کو آج کی فلموں میں کوئی خاص کردار آفر نہیں کیا جاتا، اس لیے تبدیل ہوتے وقت کے ساتھ اداکاروں کو خود کو بھی تبدیل کرنا چاہیے‘۔
خیال رہے کہ شکتی کپور اور گلشن گروور دونوں ہی کئی فلموں میں ولن کے بہترین کردار ادا کرچکے ہیں۔
آج بھی بولی وڈ میں ایسے بہت سے اداکار موجود ہیں جو فلم میں ہیرو بننے کے ساتھ ساتھ منفی کرداروں کی آفرز بھی قبول کررہے ہیں، جن میں ایک نام رنویر سنگھ کا سامنے آتا ہے۔
رنویر سنگھ نے اپنی حال ہی میں ریلیز فلم ’پدماوت‘ میں ولن کا کردار ادا کرکے آج کے اداکاروں کے لیے نئی مثال قائم کردی۔