’میں سمجھا رنبیر کپور نہیں بلکہ سنجے دت ہی ہے‘
بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کو اداکار سنجے دت کے روپ میں دیکھ کر صرف ان کے مداح ہی حیران نہیں ہوئے تھے، بلکہ رنبیر کے والد رشی کپور بھی اپنے بیٹے فلم ’سنجو‘ کے ٹیزر میں دیکھ کر پہچان نہیں پائے۔
رشی کپور نے حال ہی میں فلم ’سنجو‘ کا ٹیزر دیکھا، جس کے بعد انہیں ایسا محسوس ہوا کہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور نہیں بلکہ خود سنجے دت ہی ہیں۔
رشی کپور کا کہنا تھا کہ ’راج کمار ہیرانی نے جس انداز میں رنبیر کپور کو اس فلم میں پیش کیا، یہی بہت بڑی بات ہے، مجھے رنبیر پر بےحد فخر ہے، میں نیتو اور رنبیر کی قسم کھا کر کہتا ہوں، مجھے ایک مرتبہ ایسا نہیں لگا کہ ٹیزر میں رنبیر کپور ہیں، میں سمجھا یہ خود سنجے دت ہی ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب راج کمار ہیرانی اور ونود چوپڑا نے مجھے یہ ٹیزر دکھایا، میں اس وقت بےحد جذباتی ہوا، رنبیر کا جیل سے باہر آنے والا سین ہی بہت متاثر کن تھا، میں سمجھا یہ سنجے دت ہی ہیں‘۔
#sanju is a father-son story. Meet the father today – Paresh Rawal. Had fun working with him. #RanbirKapoor @VVCFilms @foxstarhindi @SirPareshRawal pic.twitter.com/GXWYaNBvm3
— Rajkumar Hirani (@RajkumarHirani) May 26, 2018
خیال رہے کہ فلم ’سنجو‘ اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ہے، جس میں والد اور بیٹے کے رشتے پر فوکس کیا جائے گا، رنبیر کپور کے علاوہ فلم میں پریش راول، منیشا کوئرالا، وکی کوشل، سونم کپور، دیا مرزا اور انوشکا شرما اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
فلم ’سنجو‘ رواں سال 29 جون کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔