ماہرہ خان کا کانز کو الوداع
ماہرہ خان نے جب 5 دن قبل کانز فلم فیسٹیول کے لیے فرانسیسی سرزمین پر قدم رکھا تو پاکستان بھر کے سوشل میڈیا پر ان کا راج شروع ہوگیا۔
تاہم اب ماہرہ خان گزشتہ روز پاکستان واپس لوٹ گئی ہیں مگر انہوں نے کانز فیسٹیول کے حوالے سے ایک شکریہ کا پیغام انسٹاگرام پر پوسٹ کیا۔
انہوں نے لکھا ‘ کانز نے میرے دل کا ایک ٹکڑا لے لیا، ہمارا کھلی بانہوں سے استقبال پر شکریہ، آپ پرجوش اور فراخ دل ہیں، میری خواہش ہے کہ وہاں قیام کے پورے تجربے کو تحریر کروں مگر اس طویل لولیٹر کو کسی اور وقت کے لیے چھوڑ دیتے ہیں’۔
انہوں نے مزید لکھا ‘اس وقت جب میں گاڑی پر بیٹھی ائیرپورٹ کی جانب جارہی ہوں، تو مجھے احساس ہوا کہ اس سے پہلے مجھے بااختیار ہونے کا احساس پہلے کبھی نہیں ہوتا تھا، اور اس کی وجہ گزشتہ 3 دن کے دوران حیرت انگیز خواتین سے ملاقاتیں ہیں۔ ان سب باصلاحیت خواتین میں ایک چیز مشترک ہے، وہ ایک دوسرے کو اوپر لے جاتی ہیں، وہ تعاون کرنے والی اور نیک دل ہیں، وہ ایک دوسرے کی پشت پناہی کرتی ہیں اور یہی کامیابی کی واحد کنجی ہے’۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا ‘ اس وقت ریلیف ملتا ہے جب سیکڑوں ایسے افراد کے سامنے ریڈ کارپٹ پر جانے کا پہلا موقع ہو جو آپ کی تصاویر لے ہرے ہوں، تاکہ اس لڑکی سے وہ حاصل کرسکیں جو خوابوں میں ایسا بہت بار کرچکی ہو، اس وقت زیادہ خوشی ہوتی ہے جب اپنے وطن کی انڈسٹری سے اچھے پیغامات ملتے ہیں’۔
اپنے منیجر، اسٹائلسٹ اور فوٹوگرافر کو سراہتے ہوئے انہوں نے لکھا ‘ ہم اکیلے نہیں اور زندگی یہی مجھے سیکھاتی آئی ہے’۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان نے کانز فیسٹیول میں لورال پیرس کی برانڈ ایمبسڈر کے طور پر پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔