کیا شاہ رخ خان اور کرن جوہر ساتھ کام کرنے جارہے ہیں؟
بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر کی ڈائیریکشن میں بننے والی پہلی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کو ریلیز ہوئے تقریباً 20 سال ہوچکے ہیں، جس کے بعد سے کرن بولی وڈ میں کئی کامیاب فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔
کرن جوہر کی ہدایات میں بننے والی آخری فلم ’اے دل ہے مشکل‘ دو سال قبل ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد سے اب تک وہ بہت سی فلموں کو پروڈیوس کرچکے ہیں۔
تاہم اب رپورٹس ہیں کہ کرن جوہر بہت جلد ایک اور فلم کی ہدایات دیتے نظر آئیں گے، جس میں کوئی اور نہیں بلکہ ان کے قریبی دوست اور بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کام کرنے جارہے ہیں۔
کرن جوہر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’میں شاہ رخ خان کے ساتھ دوبارہ اسکرین پر کام کرنے کے لیے بےتاب ہوں، گزشتہ کئی سالوں میں ہم بہت سی فلمیں ساتھ میں پروڈیوس کرچکے ہیں جن میں اسٹوڈنٹ آف دی ایئر اور ڈیئر زندگی شامل ہیں، لیکن اب میں ان کے ساتھ کسی فلم میں کام کرنا چاہتا ہوں، یقیناً یہ تجربہ بھی بہترین ہوگا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’شاہ رخ صرف میرے کیریئر کا ہی اہم حصہ نہیں، بلکہ وہ میری زندگی کا بھی اہم حصہ ہیں، شاہ رخ، ان کی بیوی گوری اور تینوں بچے یہ پوری فیملی میرے دل کے بےحد قریب ہے، میں دوستی کا لفظ استعمال نہیں کروں گا، اپنے والدین کے علاوہ میں شاہ رخ خان اور ادیتیا چوپڑا کو اپنی فیملی سمجھتا ہوں، یہ ہمیشہ میری زندگی کا اہم حصہ رہیں گے‘۔
تو کیا شاہ رخ ان کی فلم میں کام کررہے ہیں؟
اس پر کرن نے کہا کہ ’میں حال ہی میں نیویارک سے واپس آیا ہوں، اور اب میں بہت سارے فیصلے لوں گا، لیکن ایک بات میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا سینما میں میرا سب سے بہترین تجربہ رہا اور میں اس تجربے کو دھرانے کے لیے بےتاب ہوں‘۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان آخری مرتبہ 2010 میں کرن جوہر کی ہدایات میں بننے والی فلم ’مائے نیم از خان‘ کا حصہ بنے تھے۔