Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

’خود کو ایسا بچہ سمجھتا ہوں، جس میں کوئی لڑکی دلچسپی نہیں لیتی‘

بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ جنہوں نے ایک سروے میں بھارت کے سب سے پسندیدہ شخص کا اعزاز اپنے نام کیا ہے، وہ خود کو اب بھی ایسا بھاری بھر کم بچہ سمجھتے ہیں، جس میں کوئی بھی لڑکی دلچسپی نہیں لیتی۔

خیال رہے کہ رنویر سنگھ نے بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی جانب سے کرائے گئے آن لائن سروے میں پہلا نمبر حاصل کیا۔ سروے میں لوگوں سے پوچھا گیا تھا کہ ان کا پسندیدہ شخص کون ہے؟

50 پسندیدہ ترین شخصیات میں رنویر سنگھ نے پہلا نمبر حاصل کیا، جب کہ دوسرے نمبر پر بھارتی اداکار پربھاس رہے، جن کی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’باہو بلی 2‘ نے ریکارڈ بنائے تھے۔

اسی فہرست میں کرکٹر ویرات کوہلی تیسرے، ہریتھک روشن چوتھے، سدھارتھ ملہوترا پانچویں، ورون دھون گیارہویں، رنبیر کپور 12 ویں اور شاہد کپور 14 ویں نمبر پر رہے۔

اس سے قبل 2015 میں بھی رنویر سنگھ ہی اس فہرست میں پہلے نمبر پر رہے تھے، جب کہ 2016 میں وہ اس فہرست میں چوتھے اور تازہ یعنی 2017 کی فہرست میں وہ ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگئے۔

رنویر سنگھ نے سروے میں انہیں ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹوئیٹ بھی کی، جس پر دپیکا پڈوکون نے انہیں جواب دیا، جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ نے بھی انہیں ہی ووٹ دیا ہوگا۔

بھارت کے سب سے پسندیدہ شخص کا اعزاز اپنے نام کرنے کے باوجود رنویر سنگھ نے نشریاتی ادارے’انڈو ایشین نیوز سروس‘ (آئی اے این ایس‘ سے بات کرتے ہوئے خود کو بہت زیادہ چربی والا بچہ قرار دیا۔

بولی وڈ کے علاؤ الدین خلجی نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی خود کو نویں جماعت میں پڑھنے والے بچے کی طرح سمجھتے ہیں، جسے بھاری بھر کم ہونے کی وجہ سے کوئی لڑکی نہیں چاہتی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کی جانب سے انہیں سب سے پسندیدہ شخص قرار دیے جانے پر ان کا اعتماد بحال ہوا ہے، تاہم ان کے ذہن میں اب بھی یہ خیال موجود ہے کہ موٹے بچے ہیں۔

خیال رہے کہ 32 سالہ رنویر سنگھ نے کیریئر کا آغاز 2010 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’بینڈ، باجا، بارات سے کیا، جس میں ان کے ساتھ انوشکا شرما نظر آئیں۔

اپنے 8 سالہ کیریئر میں ایک درجن سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہونے والے رنویر سنگھ کو اگرچہ پہلی اور دوسری فلم میں شہرت حاصل ہوئی، تاہم انہیں کامیابیوں کی اونچائیوں تک 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گلیوں کی راس لیلا، رام لیلیٰ‘ نے پہنچایا۔

’باجی، راؤ مستانی، بے فکرے اور پدماوت‘ جیسی فلموں میں جلوے دکھانے والے رنویر سنگھ اس وقت کم سے کم تین فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

رنویر سنگھ کی آنے والی فلموں میں ایکشن کامیڈی فلم ’سمبا‘ میوزیکل رومانٹک فلم ’گلی بوائے‘ اور اسپورٹس فلم ’83‘ شامل ہے۔

علاوہ ازیں رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی کی چہ مگوئیاں بھی عروج پر ہیں، امکان ہےکہ وہ رواں برس کے آخر تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

 

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.