Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

کیا سنجے اور مادھوری پرانا جادو جگا پائیں گے؟

رواں ہفتے انڈیا کی معروف کوریو گرافر سروج خان کا ایک ویڈیو پیغام دیکھا جس میں انھوں نے بالی وڈ میں مبینہ کاسٹنگ کاؤچ کا عجیب و غریب جواز پیش کیا۔ انھوں نے ویڈیو میں جس طرح کی زبان کا استعمال کیا وہ حیرت انگیز تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ کوئی نئی بات نہیں ہے اور کوئی نہ کوئی کسی نہ کسی کا فائدہ اٹھاتا رہتا ہے۔ یہاں تک تو سروج خان کی بات لوگوں کو ہضم ہوئی لیکن جب انھوں نے یہ کہا ‘ہر لڑکی پر کوئی نہ کوئی ہاتھ صاف کرنے کی کوشش میں رہتا ہے انڈسٹری کم از کم روٹی تو دیتی ہے، ریپ کر کے چھوڑ تو نہیں دیتی’ تو لوگوں کے صبر کا پیمانے جیسے لبریز ہو گیا ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے انھیں آڑے ہاتھوں لیا۔

ایک ایسے وقت میں جب انڈیا میں ریپ اور خواتین کو ہراساں کرنے کے حوالے سے شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے، لوگ بہتر قوانین اور کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، سروج خان کا یہ انداز اور بیان عجیب سی بے حسی کا اظہار لگتا ہے۔

بالی وڈ میں کئی ایسے آف سکرین جوڑے جو اب الگ ہو چکے ہیں اپنا ماضی بھول کر دوبارہ ساتھ کام کر رہے ہیں جن میں دیپکا اور رنبیر کپور، سلمان خان اور قطرینہ سر فہرست ہیں۔

ایسا ہی ایک پرانا جوڑا مادھوری دیکشت اور سنجے دت کا ہے۔ یہ دونوں عرصے سے ایک دوسرے سے کتراتے رہے لیکن اب کرن جوہر نے ان دونوں کو ایک ساتھ بڑے پردے پر لانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

سنجے اور مادھوری اب ایک تاریخی فلم ‘کلنک’ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ اس فلم میں جو کردار مادھوری نبھائیں گی وہ دراصل سری دیوی کے لیے لکھا گیا تھا۔

سنجے اور مادھوری کو ایک ساتھ لانا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ اس کام میں کرن جوہر نے اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے ہی دونوں کو یاد دلایا کہ دونوں شادی شدہ ہیں اور اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں تو کیوں نہ سب کچھ بھول کر ایک نئی شروعات کی جائے۔ فلم کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ کیا ان دونوں کی کیمسٹری رنبیر اور دیپکا یا سلمان اور قطرینہ کی طرح کامیاب رہے گی۔

سونم کپور کی شادی کے چرچے کافی عرصے سے عام ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ تاجر آنند آہوجہ کے ساتھ ان کی شادی کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور کرینہ کے ساتھ ان کی فلم ‘ویرے دی ویڈنگ’ کے ٹریلر ریلیز کے موقع پر کرینہ باتوں ہی باتوں میں اس جانب اشارہ کر چکی ہیں۔

شادی کب اور کہاں ہو گی یہ الگ بات ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ٹریلر ریلیز کے موقع پر لوگوں نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ شادی کے بعد بھی کام جاری رکھیں گی تو سونم نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ‘کیا شاہد کپور سے یہ سوال کیا گیا تھا کہ وہ شادی کے بعد فلموں میں کام کریں گے تو پھر خواتین سے ہی ایسے سوال کیوں پوچھے جاتے ہیں؟‘

بات بالکل درست ہے۔ شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ کچھ خیال، نظریے یا روایات صرف خواتین کے ساتھ ہی وابستہ کی جاتی ہیں۔ معاشرے کا انداز بدل رہا ہے لیکن دراصل مزاج بدلنے کی ضرورت ہے وہ بھی خواتین کے حوالے سے۔

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.