کالا ہرن کیس: سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانہ
جودھ پور : نایاب کالے ہرن کا شکار کیس میں بولی وڈ اسٹار سلمان خان کو مجرم قرار دے کر5 سال قید اور10 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی، جبکہ سیف علی خان،سونالی باندرے،تبواورنیلم کوبری کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست جودھ پور کی عدالت میں بھارتی اداکار سلمان خان کیخلاف نایاب کالے ہرن کے شکار کیس کی سماعت ہو ئی، اس موقع پر عدالت کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔
عدالت نے 20 سال بعد نایاب ہرن کے شکار کیس میں سلمان خان کو مجرم قرار دیا اور سزا سنادی، جبکہ دیگر نامزد ملزمان سیف علی خان، سونالی باندرے، تبواورنیلم کوبری کردیا گیا۔
سلمان خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کے موکل کو تین برس سے کم کی سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ تین برس سے کم سزا پر انھیں فوراً ضمانت مل سکتی ہے لیکن تین برس سے زیادہ کی سزا ہونے پر انھیں ضمانت کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکانا پڑے گا۔
تاہم سرکاری وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ چونکہ سلمان خان نے نایاب ہرنوں کا شکار کیا ہے اس لیے انھیں چھ برس کی سزا دی جائے۔
نامہ نگار شکیل اختر نے بتایا کہ جس وقت سلمان خان کو مجرم قرار دیا گیا اس وقت عدالت مین سلمان کے ساتھ ان کی بہنیں کھڑی تھیں۔
یاد رہے کہ جودھ پور میں کالے ہرن کے شکار کے مقدمے کی سماعت 19 سال سے جاری ہے، جبکہ ٹرائل کورٹ نے 28 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اداکار سیف علی خان،اداکارہ تبو اور سونالی باندرے پربطورشریک ملزم مقدمات ہیں، ان کے خلاف تحفظِ جنگلی حیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔