’جن اداکاروں کے ساتھ کام کیا،اب وہ 20 سالہ اداکاراؤں کے ساتھ رومانس کررہے ہیں‘
بولی وڈ اداکارہ منیشا کوئرالا کا ماننا ہے کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں جہاں اداکاراوں کو بڑھتی عمر کے باعث کم کردار آفرز کیے جاتے ہیں وہیں اداکار اپنی عمر سے چھوٹی اداکاراؤں کے ساتھ طویل عرصے تک کام کرتے ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں منیشا کوئرالا نے کہا کہ ’مرد اداکاروں کا فوکس ہمیشہ اداکاری ہی رہا، ایمانداری کی بعد کی جائے تو جن اداکاروں کے ساتھ میں کام کرتی تھی، آج وہ 20 سال کی اداکاراوں کے ساتھ فلموں میں رومانس کررہے ہیں، لیکن کوئی اداکارہ 40 سال یا اس سے زیادہ کی ہوجائے تو اس کو صرف ماں بننے کے کرداروں کی آفرز کی جاتی ہیں، مجھے یہ بات کبھی نہیں سمجھ آتی‘۔
منیشا نے مزید کہا کہ ’امید ہے آنے والے وقتوں میں اداکاراؤں کے لیے زیادہ کردار لکھے جائیں، اس میں وقت لگے گا، لیکن ایسا ہوگا ضرور‘۔
خیال رہے کہ بولی وڈ کے کئی کامیاب اداکار جنہوں نے منیشا کوئرالا کے ساتھ کام کیا ابھی بھی اپنی فلموں میں مرکزی اداکار کے طور پر جلوہ گر ہوتے ہیں۔
ان اداکاروں میں شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کا نام فہرست میں سب سے اوپر آتا ہے۔
52 سالہ شاہ رخ خان 1998 کی فلم ’دل سے‘ میں منیشا کوئرالا کے ساتھ کام کرچکے ہیں، جبکہ ان کی فلم ’ڈیئر زندگی‘ 25 سالہ عالیہ بھٹ کے ہمراہ 2016 میں ریلیز ہوئی۔
سلمان خان نے 1996 میں منیشا کے ساتھ فلم ’خاموشی‘ میں کام کیا، تاہم وہ اب بھی فلموں میں نئی اداکاراؤں کے ہیرو بنتے نظر آتے ہیں۔
یاد رہے کہ 47 سالہ منیشا کوئرالا نے فلم ’سنجو‘ میں سنجے دت کی والدہ اداکارہ نرگس دت کا کردار ادا کیا۔
فلم ’سنجو‘ میں سنجے دت کی والدہ نرگس دت کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے منیشا نے کہا کہ اس فلم کی کہانی والد، بیٹے اور دوستوں کے رشتے پر مبنی ہے۔
منیشا سے نرگس دت کی سوانح حیات میں کام کرنے کا سوال کیا گیا تو اداکارہ نے کہا کہ وہ اس میں ضرور کام کرنا چاہیں گی۔
یاد رہے کہ فلم ’سنجو‘ رواں ماہ 29 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اس فلم میں رنبیر کپور سنجے دت کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
رنبیر کپور کے علاوہ فلم میں انوشکا شرما، پریش راول، سونم کپور، دیا مرزا اور وکی کوشل کام کررہے ہیں۔