Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

عرفان خان نے شاہ رخ خان کی مہربانیوں کی تردید کردی

بالی ووڈ کے وراسٹائل اداکار عرفان خان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان نے عرفان خان کی کوئی مدد نہیں کی۔

نامور بالی ووڈ اداکار عرفان خان نیورواینڈو کرائن ٹیومر نامی بیماری میں مبتلا ہیں جس کے علاج کے لیے وہ اپنی فیملی کے ہمراہ ان دنوں لندن میں موجود ہیں۔ چند روز قبل عرفان خان سے متعلق ایک خبرمیڈیا پر گردش کررہی تھی کہ عرفان خان کی بیماری کا سن کر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان ان کی مدد کو سب سے پہلے پہنچے تھے یہاں تک کہ انہوں نے اپنے لندن والے گھر کی چابیاں بھی عرفان خان کے حوالے کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جب تک چاہیں وہاں رہ سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کنگ خان کی اس دریا دلی کو صارفین کی جانب سے بے حد سراہا گیا تھا جب کہ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ عرفان خان کی اہلیہ ستاپا سکدار نے شاہ رخ خان کی اس مہربانی کا شکریہ اداکیاہے، تاہم عرفان خان کے میڈیا ترجمان کی جانب سے ان تمام خبروں کی تردید کی گئی ہے۔

عرفان خان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’شاہ رخ خان کی جانب سے عرفان خان کی کوئی مدد نہیں کی گئی اورنہ ہی  شاہ رخ خان نے انہیں گھر کی چابیاں دی ہیں، یہ تمام افواہیں غیر مصدقہ ذرائع کے ذریعے پھیلائی گئی ہیں، ان میں کوئی صداقت نہیں۔‘‘

واضح رہے کہ اداکارعرفان خان کو حال ہی میں فلم’’ہندی میڈیم‘‘کے لیے بہترین اداکار کے آئیفا ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، جس پر عرفان خان نے ٹوئٹر پر آئیفا ایوارڈ انتظامیہ اور اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ سب کا میرے اس سفر میں ساتھ دینے کے لیے بہت شکریہ۔

 

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.