فلم ‘سنجو’ میں اداکاری کے لئے رنبیر کپور کا حیران کن معاوضہ
سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ‘سنجو’ کے لئے رنبیر کپور نے خود میں نمایاں تبدیلیاں کیں۔ گزشتہ ماہ جب فلم کا ٹریلر ریلیز ہوا تو فلم بینوں اور شائقین نے انہیں خوب داد دی اور ان کی اداکاری کو خوب سراہا۔
اس فلم میں رنبیر، سنجے دت کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے نظر آئیں گے جس کے لئے انہوں نے کئی گیٹ اپس بھی اپنائے ہیں۔ رنبیر نے خود پر اس قدر محنت کی ہے کہ وہ دکھنے میں بالکل سنجے دت کی ہی طرح معلوم ہورہے ہیں۔
اب جہاں انہوں نے اس قدر محنت کی ہے تو ان کا معاوضہ بھی یقیناً ٹھیک ٹھاک ہوگا، جی ہاں! اطلاعات کے مطابق رنبیر کپور نے ‘سنجو’ میں اداکاری کے لئے 25 کروڑ روپے معاوضہ لیا ہے۔
اس کے علاوہ کرشما تنّا بھی 10 سے 15 منٹ کے لئے فلم میں مادھوری کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی اور اس کے لئے انہوں نے ایک کروڑ روپے معاوضہ لیا ہے۔ ساتھ ہی اداکارہ تبّو بھی خصوصی طور پر فلم کا حصہ بنیں ہیں جنہوں نے چند منٹ کا کردار ادا کرنے کے لئے 60 لاکھ روپے بٹورے۔
معروف اداکار پاریش راول سنجے دت کے والد سنیل دت کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جس کے لئے انہوں نے 2 سے 3 کروڑ روپے معاوضہ لیا ہے۔ منیشا کوریلا سنجے دت کی ماں نرگس کا کردار نبھا رہی ہیں۔ اس کردار کو ادا کرنے کے لئے منیشا نے بھی 3 کروڑ روپے معاوضہ لیا۔
فلم میں دیا مرزا سنجے دت کی موجودہ اہلیہ منایا دت کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی جس کے لئے انہوں نے بھی 3 کروڑ روپے حاصل کئے ہیں جبکہ سونم کپور اس بائیوپک میں ٹینا منیم (سنجے دت کی پہلی گرل فرینڈ) کا کردار نبھا رہی ہیں جس کے لئے انہوں نے بھی 6 کروڑ روپے معاوضہ بٹورا ہے۔