دپیکا اور رنویر رواں برس شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے
معروف اداکار دیپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کی جوڑی مداحوں کی من پسند جوڑیوں میں سے ایک ہے۔ مداحوں کے لئے خوشی کی خبر یہ ہے کہ دونوں اصل زندگی میں بھی ایک ہونے والے ہیں۔
دیپیکا اور رنویر گہرے دوست ہیں اور اکثر ان سے یہ سوال پوچھا جاتا رہا ہے کہ وہ شادی کب کر رہے ہیں۔ البتہ رنویر اس سوال پر خاموشی اختیار کرلیتے ہیں اور دیپیکا ان کے رشتہ کے بارے میں تردید کرتی ہیں۔ جنوری میں دیپیکا کی سالگرہ کے موقع پر رنویر سے منگنی کی افواہوں کو بھی دیپیکا نے رد کردیا تھا۔
لیکن ذرائع نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ رنویر اور دیپیکا اس سال کے آخر میں شادی کرنے والے ہیں۔ دونوں کے خاندان آپس میں مل چکے ہیں اور اب شادی کے مقام پر مشاورت جاری ہے۔
جس دن سے دونوں اپنے خاندانوں کے ساتھ مالدیپ میں چھٹیاں گزار کے واپس آئے ہیں، اس دن سے لوگ ان کی شادی کے بارے میں قیاس آرائیوں میں مشغول ہیں۔
دیپیکا اور رنویر سنگھ پہلی مرتبہ اپنی پہلی فلم ‘رام لیلا’ کے سیٹ پر ملے اور تب سے ہی دونوں ایک دوسرے کے خاصے قریب ہیں۔ اس پانچ سال کے عرصے میں ان کی دوستی گہری ہوتی گئی۔ اور اپنی حالیہ فلم ‘پدماوت’ کے پریمیئر کے بعد دونوں ہاتھ میں ہاتھ ڈالے سینیما سے باہر آتے دکھائی دیئے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں کے خاندانوں نے ستمبر اور دسمبر کے بیچ شادی کی چار تاریخیں بھی سوچ لی ہیں۔ حتمی تاریخ ان ہی تاریخوں میں سے ایک ہوگی۔ شادی کی تقریب انتہائی نجی درجے تقریب ہوگی۔ اس میں صرف قریبی عزیز و عقارب اور دوست احباب مدعو ہونگے۔ البتہ یہ طے کرنا باقی ہے کہ شادی کی تقریب کے بعد ریسیپشن دیا جائے گا یا نہیں۔
دیپیکا آج کل ذیادہ تر اپنے کام سے چھٹی پر رہتی ہیں۔ وہ اپنی والدہ اور بہن انیشا پاڈوکون کے ساتھ شادی کے جوڑے اور زیور کی خریداری میں مصروف ہیں۔ شادی کا حتمی مقام ابھی طے نہیں ہوا ہے۔ البتہ بھارت یا بیرون ملک کسی مقام پر شادی کی جائے گی۔