دپیکا اور رنویر کی شادی : بالآخر حتمی تاریخ سامنے آگئی
بولی وڈ کی مشہور و معروف اداکارہ دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی گزشتہ کافی ماہ سے زیر بحث ہے۔ شادی کی تاریخ کے حوالے سے قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم اب تمام اندازوں اور قیاس آرائیوں کو لگام لگ گئی ہے کیونکہ شادی کی حتمی تاریخ بالآخر سامنے آہی گئی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملٹی ٹیلنٹڈ اداکارہ دپیکا پاڈوکون اور منفرد اداکاری کے لئے مشہور رنویر سنگھ رواں برس 10 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
یہ بھی تفصیلات سامنے آرہی ہیں کہ دونوں کی شادی یا تو بنگلور میں ہوگی یا پھر انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی طرح اٹلی میں ہی انجام پائے گی جبکہ استقبالیہ تقریب بھارت میں ہی ہوگی۔
دپیکا اور رنویر کی خواہش ہے کہ وہ اپنی شادی کو ایک ‘پرفیکٹ ویڈنگ’ بنائیں اسی لئے شادی کی تاریخ تمام تیاریوں کا آغاز کرنے کے بعد ہی منظر عام پر آئی ہے۔ شادی کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی مداحوں کی جانب سے اپنے اسٹارز کے لئے سوشل میڈیا پر نیک خواہشات کا اظہار شروع ہوگیا۔