چیک باؤنس کیس: معروف کامیڈین راجپال یادیو کو 6 ماہ قید کی سزا
بولی وڈ کے معروف کامیڈین راجپال یادیو کو چیک باؤنس کیس میں دہلی کورٹ کی جانب سے 6 ماہ قید کی سزا سنادی گئی، بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق راجپال یادیو کے خلاف 7 کیسز درج تھے اور انہیں ہر کیس کے بدلے میں 1 اعشاریہ 6 کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنے ہیں۔ اس حساب سے انہیں کُل ملا کر 11 لاکھ 20 ہزار بھارتی روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ جبکہ مقدمے میں شریک ان کی اہلیہ کو بھی 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
راجپال یادیو نے ضمانت پر رہائی حاصل کے بعد کہا کہ ہم عدالت کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں لیکن اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔
یاد رہے ‘پھر ہیرا پھیری’، ‘ڈھول’ اور ‘چھپ چھپ کے’ جیسی فلموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری کے ذریعے عوام کے دلوں میں جگہ بنانے والے اداکار نے 8 سال قبل اپنی فلم کے لئے ایک کاروباری شخص سے 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا جسے وہ معاہدے کے تحت پورا کرنے میں ناکام رہے۔ جس کے بعد کاروباری شخص قانونی چارہ جوئی کا راستہ اپناتے ہوئے عدالت کے دروازے تک جا پہنچا۔