کانز فلم فیسٹیول میں بالی وڈ کے بڑھتے اثرات
انٹرٹینٹمنٹ کی دنیا میں فرانس کے شہر کانز میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول کو انتہائی اہمیت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے جہاں دنیائے انٹرٹینمنٹ کی تقریباً تمام اہم شخصیتیں یکجا ہوتی ہیں۔
ان دنوں کانز میں اس کا 71 واں فلم فیسٹول جاری ہے جس میں بالی وڈ کی موجودگی پہلے سے کہیں زیادہ نظر آ رہی ہے۔
گذشتہ سالوں میں کانز فلم میں ایشوریہ رائے نے بڑے پیمانے پر اپنی موجودگی درج کرائی تھی اور ایک عرصے تک انڈیا کے لیے کانز فیسٹیول کو ان کے تعلق سے جانا جاتا تھا۔
لیکن رواں سال ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دیپکا پاڈوکون ہر جگہ نظر آ رہی ہیں۔
فلمی دنیا کا یہ سالانہ جشن جاری ہے اور دیپکا پاڈوکون پہلے دن سے ہی وہاں جلوہ افروز ہیں۔
ایشوریہ رائے اپنی بیٹی ارادھیا کے ساتھ وہاں پہنچیں اور ریڈ کارپٹ پر اپنے مخصوص انداز میں نظر آئیں۔
ایوارڈ اور فیسٹیولز سے دور رہنے کے لیے جانی جانے والی معروف اداکارہ کنگنا راناوت بھی وہاں نظر آئیں اور انھیں دو دن مختلف انداز میں دیکھا گیا۔
یہ کسی بڑے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں پہلی بار ان کی شرکت ہے۔ ان کے علاوہ اداکارہ ہما قریشی بھی وہاں پہلی بار شرکت کر رہی ہیں۔
کانز فلم فیسٹیول میں ایشوریہ رائے کے بعد سب سے زیادہ بار شرکت کرنے والی اداکارہ ملکہ شیراوت ہیں اور وہ اس بار بھی اپنے مخصوص انداز میں نظر آئیں۔
انڈیا میں فلم ایک بڑی صنعت اور ان فیسٹیولز کے ذریعے اسے اپنی فلموں کو پروموٹ کرنے کا نادر موقع ملتا ہے۔
رواں سال انڈیا اپنی نیشنل ایوارڈ یافتہ علاقائی فلموں کو پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ان میں آسام، کیرالہ، مغربی بنگال اور لکش دیپ کی فلمیں شامل ہوں گی۔
ان کے علاوہ اداکارہ اور فلم ساز نندتا داس کی فلم ‘منٹو’ اور روہنا گیرا کی فلم ‘سر’ بھی پیش کی جائے گی۔ انھیں دوسرے زمرے میں شامل کیا گيا ہے۔
کانز میں بالی وڈ کے مختلف اداکار اور فلم ساز بھی شامل ہیں۔ نواز الدین صدیقی کے علاوہ منوج واجپئی بھی وہاں موجود ہیں۔
انڈین گلوکارہ روینہ مہتا نے اپنے لباس کے ذریعے بالی وڈ کی اپنے زمانے کی معروف اداکارہ سری دیوی کو خراج تحسین پیش کیا۔ سری دیوی کا چند مہینے قبل دبئی میں انتقال ہو گيا۔