آریان خان کیساتھ غیر منصفانہ سلوک ہورہا ہے: وکیل سشانت سنگھ
خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے خاندانی وکیل وکاس سنگھ نے کہا ہے کہ منشیات کیس میں آریان خان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک ہورہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کے خاندانی وکیل وکاس سنگھ کا آریان خان منشیات برآمدگی کیس کے حوالے سے کہنا ہے کہ ایسے کیس میں سزا کا فیصلہ برآمد ہونے والی منشات کی مقدار کے مطابق کیا جاتا ہے
انہوں نے کہا کہ ’اگر منشیات برآمد ہی نہیں ہوئی تو اس طرح کے کسی کیس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جب تک کہ آپ تک منشیات فروش نہ ہوں یا آپ کے پاس سے منشیات کی خاص مقدار برآمد نہ ہو۔‘
وکاس سنگھ نے مزید کہا کہ ’آریان کے پاس سے نہ تو منشیات برآمد ہوئیں اور نہ ہی وہ منشیات کی خرید و فروخت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’آریان نے منشیات کا استعمال کیا جوکہ ایک قابلِ بحث بات ہے لیکن اس کے لیے پہلے خصوصی میڈیکل ٹیسٹ کروائے جاتے ہیں جوکہ ان کا نہیں خیال کہ کروائے گئے ہیں لہٰذا آریان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک ہورہا ہے۔‘
واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروز شپ پر ایک پارٹی کے دوران چھاپا مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو حراست میں لیا تھا۔
این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا جبکہ شاہ رخ خان کے بیٹے نے اس الزام کو مسترد کردیا تھا۔
تاہم تفتیش کے دوران آریان خان نے منشیات کے استعمال کا اعتراف کرلیا تھا۔
مذکورہ کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے کا پہلے ایک روز پھر 3 روز اور اب 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا ہے۔