اکشے کی فلم کے سیٹ پر آتشزدگی سے کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہوگیا
بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی نئی آنے والی فلم ’کیسری‘ کے سیٹ پر شوٹنگ کے دوران آگ لگ گئی جس سے پورا سیٹ جل کر خاکستر ہو گیا۔
اکشے کمار ان دنوں سارا گڑھی کی جنگ پر بننے والی فلم ’کیسری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
فلم کی شوٹنگ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ستارہ میں جاری ہے جہاں چند روز قبل شوٹنگ کے دوران اکشے کمار زخمی بھی ہوگئے تھے لیکن اب فلم کے سیٹ پر ایک اور حادثہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران بم دھماکے کا منظر فلمایا جا رہا تھا کہ چند شعلے سیٹ پر بھی آگرے جنہوں نے پورے سیٹ کو لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا سیٹ جل کر راکھ ہو گیا۔
آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں لیکن ان کے آنے سے پہلے ہی سیٹ پر سارا سامان بھی جل چکا تھا۔
فلم کے سیٹ پر آگ لگنے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم سیٹ جلنے سے کروڑوں کا نقصان ضرور ہوا۔
واضح رہے کہ فلم ’کیسری‘ میں اکشے کمار کے مدمقابل پرینیتی چوپڑا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی جب کہ یہ فلم اگلے سال مارچ میں ریلیز کی جائے گی۔