آریان خان کو جعلی منشیات کیس میں پھنسایا گیا ہے، کے آر کے
بھارت کے فلمی مبصر کمال راشد خان المعروف کے آر کے بھی بالی ووڈ کنگ، شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے حق میں بول پڑے ہیں۔
کے آر کے نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر منشیات برآمدگی کیس میں آریان خان کی حمایت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’جو غلط ہے وہ غلط ہے، غلط کو غلط کہنا سیکھیں بِنا کسی سے ڈرے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ہم سب کو آریان خان کی حمایت کرنی چاہیے جو ایک جعلی منشیات کیس میں پھنسا ہوا ہے، یہ ناقابل قبول ہے!‘
کے آر کے نے لکھا کہ ’وہ ایک بار پھر سے اپنی بات دہراتے ہیں کہ انہیں نہیں معلوم کہ آریان منشیات کا استعمال کرتا ہے یا نہیں۔
انہوں نے آریان خان کو سازش کے تحت جعلی کیس میں پھنسانے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ ’کسی بھی سیاسی جماعت کے لوگوں کو کسی بھی کیس میں کسی کو پھنسانےکی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’آج یہ آریان کے ساتھ ہوا ہے اور کل یہ آپ کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے لہٰذا ہر ایک کو آج اِس واقعے کی مخالفت کرنی چاہیے!‘
واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروز شپ پر ایک پارٹی کے دوران چھاپا مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو حراست میں لیا تھا۔
این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا جبکہ شاہ رخ خان کے بیٹے نے اس الزام کو مسترد کر دیا تھا۔
بعد ازاں تفتیش کے دوران آریان خان نے منشیات کے استعمال کا اعتراف کر لیا تھا۔