آریان خان کی زندگی اور مستقبل کے ساتھ شرمناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، روینہ ٹنڈن:
بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے آریان خان کی گرفتاری پر رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ آریان کی گرفتاری اور منشیات کیس کی آڑ میں شرمناک سیاسی کھیل کھیلا جارہا ہے۔
منشیات کیس میں گرفتار کنگ خان کے بیٹے آریان خان کی حمایت میں بالی ووڈ سے کئی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ آریان کی سپورٹ میں اب تک پوجا بھٹ، ہرتھیک روشن اور سنیل شیٹھی سمیت متعدد فنکار سامنے آچکے ہیں اور اب اداکارہ روینہ ٹنڈن نے بھی آریان خان کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
روینہ ٹنڈن نے 8 اکتوبر کی صبح کیے جانے والے ایک ٹوئٹ میں آریان خان کا نام لیے بغیر کہا ’’شرمناک سیاست کھیلی جارہی ہے۔ یہ ایک نوجوان کی زندگی اور مستقبل ہے جس کے ساتھ وہ کھیل رہے ہیں‘‘۔
واضح رہے کہ آریان خان کی گرفتاری کے پیچھے بی جے پی کا نام لیا جارہا ہے۔ بھارتی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیف ترجمان نواب ملک نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ بی جے پی آریان خان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسا رہی ہے۔