بالی ووڈ کے صرف منفی پہلو کو اُجاگر کیا جاتا ہے: شکتی کپور
بالی ووڈ کے سینئر اداکار شکتی کپور نے کہا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے صرف منفی پہلو کو اُجاگر کیا جاتا ہے جس سے اُن کو بہت تکلیف ہوتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شکتی کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اس فلم انڈسٹری کو کئی سالوں سے دیکھا ہے اور میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ بہترین فلم انڈسٹری ہے۔‘
شکتی کپور نے کہا کہ ’بالی ووڈ کے بارے میں لوگ صرف منفی باتیں ہی بولتے ہیں جبکہ یہاں بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو ایک دوسرے کی مدد کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں لیکن افسوس یہ مثبت چیزیں سامنے نہیں آتیں اور صرف منفی پہلو کو اُجاگر کیا جاتا ہے۔‘
بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ اپنے اردگرد اچھے لوگ رکھے تھے، میرے پاس بالی ووڈ میں میری مدد کے لیے کوئی دادا، چاچا یا ماما نہیں تھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں اداکار فیروز خان کو پایا اور اُن سے کافی اچھے تعلقات قائم ہوئے، اُس کے بعد اداکار سنیل دت نے میری صلاحیتوں پر بھروسہ کیا اور مجھے کام دیا اور یہی نہیں سنیل دت نے مجھے ’شکتی‘ نام بھی دیا، میرا پیدائشی نام سنیل ہے۔‘
شکتی کپور نے اپنے بیٹی اور اداکارہ شردھا کپور کے حوالے سے کہا کہ ’شردھا ایک بڑا ستارہ ہے، مجھے اپنے بچوں پر بہت فخر ہے، لوگ میری بیٹی کی تعریف کرتے ہیں اور میں بہت خوش ہوں۔
اداکار نے مزید کہا کہ ’وہ کورونا وائرس کے دوران بھی کام کر رہی ہے اور یہاں تک کہ میرا بیٹا بھی بہت مصروف ہے، دونوں بچوں کو کامیاب دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہوں۔‘