منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاریوں کی تعداد 17ہوگئی
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان سے جُڑے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاریوں کی تعداد 17ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممبئی کروز شپ سے منشیات برآمدگی کے کیس میں ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آفیسر نے بتایا کہ این سی بی کے ممبئی زونل یونٹ نے منگل کی رات کو شہر کے مضافاتی علاقے پوائی سے ایک اور منشیات فروش کو پکڑا ہے جس کا نام اس کیس میں پہلے گرفتار ہونے والوں سے تفتیش کے دوران سامنے آیا تھا۔
منشیات فروش کی گرفتاری کے بعد اس کیس میں گرفتار ہونے والوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے جن میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور کچھ ہائی پروفائل آرگنائزر بھی شامل ہیں جن کا تعلق دہلی کی ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی سے ہے۔
آریان خان کے علاوہ، این سی بی نے جن لوگوں کو گرفتار کیا ان میں ارباز مرچنٹ، منمون دھمیچا، نوپور ستیجا، اشمیت چڈھا، موہک جیسوال، گومیت چوپڑا، وکرانت چھوکر اور مضافاتی علاقے جوہو سے منشیات فروش شامل ہیں۔
پیر اور منگل کو کیے گئے ایک آپریشن میں این سی بی نے ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی سے تعلق رکھنے والے چار منتظمین کو گرفتار کیا جن کی شناخت گوپال جی آنند، سمیر سہگل، مانو سنگھل اور بھاسکر اروڑا کے نام سے ہوئی۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات برآمدگی کیس میں انسدادِ منشیات کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا۔
منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار آریان خان کے ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔