معروف گانے ’بول کفارہ کیا ہوگا‘ کو الگ الگ کاپی کرکے اس پر گانے بنانے والے بھارتی جوبن
نوتیال اور نیہا ککڑ کو پاکستانی گلوکارہ سحر گل اور شاعر عاصم رضا نے کرارا جواب دیتے ہوئے بھارتی فنکاروں کو چور قرار دیا ہے۔
جوبن نوتیال اور نیہا ککڑ نے پاکستان کے مقبول گانے کی کاپی کے گانوں کو ایک ہی دن 25 ستمبر کو جاری کیا تھا۔
’بول کفارہ کیا ہوگا‘ کو ابتدائی طور پر سحر گل خان اور شہباز فیاض قوال نے 2018 میں گایا تھا، مذکورہ گانے کو ’بول بیٹس‘ میں پیش کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں ایک ڈرامے میں بھی شامل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نہیا ککڑ اور جوبن نوتیال نے پاکستانی گانے کو کاپی کرلیا
گانے کی مقبولیت اتنی بڑھ گئی تھی کہ دو بھارتی گلوکاروں نے ایک ہی دن گانے کی کاپیاں ریلیز کیں۔
بھارتی گلوکاروں کی جانب سے گانے کو اجازت کے بغیر کاپی کرنے اور اصل تخلیق کاروں کو کریڈٹ نہ دینے پر گلوکارہ سحر گل خان اور گانے کے شاعر عاصم رضا نے خاموشی توڑتے ہوئے ہندوستانی فنکاروں کو چور قرار دیا۔
گانے کے شاعر عاصم رضا نے اپنی ایک ٹوئٹ میں دونوں بھارتی گلوکاروں اور میوزک کمپنی ’ٹی سیریز‘ کو مینشن کرتے ہوئے انہیں اخلاقیات یاد دلائیں اور انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے چور قرار دیا۔