کرن جوہر رنویر سنگھ پر مہربان

رنویر سنگھ فلم ’گلی بوائے‘ کے بعد ان دنوں روہت شیٹھی کی فلم ’سمبا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فوٹو: فائل
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار کرن جوہر نے اپنی نئی آنے والی فلم میں چلبلے اداکار رنویر سنگھ کو کاسٹ کرلیا۔
بھارت سمیت دنیا بھر میں اپنی اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کر جانے والے چلبلے اداکار رنویر سنگھ کو فلم ’پدماوت‘ نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے فلم میں رنویر کی اداکاری سے نہ صرف مداح بلکہ ہدایتکار بھی اُن کے گرویدہ ہو گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ رنویر ہدایتکاروں کی پہلی ترجیح بن گئے ہیں اور آج کل یکے بعد دیگر فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اسی کامیابی کے پیش نظرمعروف ہدایتکار کرن جوہر نے بھی رنویر کو اپنی نئی آنے والی فلم میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ہدایتکار کرن جوہر کے قریبی ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہدایتکار نے اپنی نئی آنے والی فلم کے اسکرپٹ پر کام مکمل کرلیا ہے اور وہ ایک بار پھر 2016 میں بننے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کے بعد فلم نگری کے میدان میں ہدایتکاری کے فرائض نبھاتے دکھائی دیں گے جب کہ وہ فلم کی شوٹنگ 2019 کی ابتداء میں شروع کرنے پر نظر ثانی بھی کر رہے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: رنویر سنگھ کے بچپن کی تصویر نے دپیکا کو حیران کردیا
ذرائع نے مزید بتایا کہ کرن جوہر کی نئی آنے والی فلم میں اس بار ایک کے بجائے دو ہیرو مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جس میں سے ایک ہیرو کے لئے کرن نے معروف اداکار رنویر سنگھ کو حتمی قرار دے دیا ہے جب کہ دوسرے کردار کے لئے چہرے کی تلاش تاحال جاری ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: رنبیر کپور کی رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش
واضح رہے کہ اداکار رنویر سنگھ زویا اختر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’گلی بوائے‘ کی شوٹنگ سے فارغ ہونے کے بعد روہت شیٹھی کی فلم ’سمبا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے بعد وہ کبیر خان کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’83‘ کی شوٹنگ کریں گے۔
Comments are closed.