کترینہ نوجوان اداکاروں کے ساتھ فلم کرنے سے کترانے لگیں
بولی وڈ کی بار بی ڈول کترینہ کیف جو ان دنوں اپنے والی میگا بجٹ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، ان سے متعلق تازہ خبر یہ ہے کہ اداکارہ مستقبل میں اپنی فلموں کے انتخاب کے حوالے سے محتاط ہوگئی ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ مسلسل ناکام فلموں کے بعد گزشتہ برس دسمبر میں ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر فلم’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی کامیابی سے کترینہ کیف کو یہ بات سمجھ آگئی کہ انہیں کس طرح کے اداکاروں کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف کی زیادہ تر وہ ہی فلمیں کامیاب گئی ہیں جن میں انہوں نے خود سے بڑی عمر اور کامیاب اداکاروں کے ساتھ کام کیا، اس لیے اب انہوں نے طے کرلیا ہے کہ وہ نوجوان اداکاروں کے ساتھ اسکرین پر رومانس نہیں کریں گی۔
ایسٹرن آئی کی رپورٹ کے مطابق کترینہ کیف نے 2016 اور 2017 میں ریلیز ہونے والی اپنی تمام ناکام فلموں اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی کامیابی کے بعد یہ فیصلہ کرلیا کہ اب وہ صرف بڑے اداکاروں یعنی سلمان، شاہ رخ اورعامر خان جیسے اداکاروں کے ساتھ ہی کام کریں گی۔
تاہم اداکارہ نے یہ بھی سوچ رکھا ہے کہ اگر انہیں انتہائی شاندار اسکرپٹ کی حامل فلم میں نوجوان اور قدرے نئے اداکار کے ساتھ کام کرنے کی پیش کش ہوئی تو وہ اس پر ضرور سوچیں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کترینہ کیف کی آخری کامیاب فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ تھی جس میں وہ سلمان خان کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئی تھیں۔
جب کہ ان کی آنے والی 2 فلمیں جن میں ’ٹھگس آف ہندوستان‘ اور ’زیرو‘ شامل ہیں، ان میں وہ شاہ رخ اور عامر خان کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئیں گی۔
تاہم وہ ڈانس رومانٹک فلم ’اے بی سی ڈی 3‘ میں خود سے عمر میں چھوٹے اداکار ورون دھون کے ساتھ رومانس کرتی دکھائی دیں گی۔
کترینہ کیف کی 2017 میں رنبیر کپور کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم ’جگا جاسوس‘ بھی فلاپ گئی تھی، جب کہ 2016 کی فلمیں ’فتور اور بار بار دیکھو‘ بھی بری طرح فلاپ گئی تھیں۔
کترینہ کیف کی زیادہ تر وہ فلمیں ہی کامیاب گئی ہیں جن میں انہوں نے شاہ رخ، سلمان اور عامر خان جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔