ایشوریا رائے بچن کو بڑھتی عمر کا طعنہ
سابقہ مِس ورلڈ اور بولی وڈ کی خوبرو حسینہ ایشوریا رائے بچن کو بڑھتی عمر کے طعنے ملنا شروع ہوگئے۔
امریکی کوریوگرافر فرینک گیسٹن جونیئر کا کہنا ہے کہ ایشوریا رائے بچن اب 19 سال کی نوجوان لڑکی نہیں ہیں، وہ ایک عمر رسیدہ خاتون اور ایک بچی کی ماں ہیں جس کی وجہ سے انہیں اسی حساب سے ڈانس اسٹیپس دیئے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابقہ ملکہ حسن ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ‘فنے خان’ کے ایک خاص گانے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
اس گانے کی خاصیت یہ ہے کہ اسے کوئی بولی وڈ کوریوگرافر نہیں بلکہ ہالی وڈ کے نامور کوریوگرافر اور ہدایت کار فرینک گیسٹن جونیئر کوریوگراف کررہے ہیں۔
فرینک گیسٹن جونیئر اپنی کمال کوریوگرافی کی وجہ سے بے حد شہرت رکھتے ہیں اور اب تک متعدد بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
یاد رہے فرینک اس سے قبل بیونس، جینیفر لوپیز اور ریہانہ جیسی ہالی وڈ اداکاراؤں کو بھی کوریوگراف کرچکے ہیں۔