راج کمار ہیرانی کا سلمان خان کو کرارا جواب
بولی وڈ فلم ‘سنجو’ اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی ہے اور اس فلم کی ریلیز کا شدت سے انتظار کیا جارہا ہے، تاہم اس کی ریلیز سے قبل ہی اداکاروں اور ہدایتکاروں میں لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
جب فلم کا پہلا ٹریلر ریلیز ہوا تھا تو بولی وڈ کے دبنگ خان نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس فلم کے لئے رنبیر کپور کی کاسٹنگ اچھا فیصلہ نہیں ہے۔ سلمان خان کا ماننا ہے کہ سنجے دت کو اپنے آج کے دور میں خود ہی نبھانا چاہیئے تھا۔
ایک انٹرویو کے دوران سلمان خان نے گفتگو کرتے ہوئے سوال کیا کہ فلم ‘سنجو’ میں سنجے دت کا کردار کوئی اور کیوں ادا کررہا ہے؟ ان کے خیال میں کوئی اور اداکار اس کردار کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتا، فلم کا آخری حصہ سنجے دت کو خود نبھانا چاہیئے تھا، صرف وہی یہ کرسکتے ہیں۔
سلمان خان کے اس بیان کے بعد فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کوئی اپنی ہی سوانح حیات میں خود کام کرے ایسا کرنے سے کردار کا اثر خراب ہوسکتا ہے۔
سلمان خان ہی کے بیان پر اب ہدایتکار راج کمار ہیرانی بھی میدان میں آگئے اور دبنگ خان کو کراراجواب دے دیا۔ ایک انٹرویو میں معروف ہدایتکار نے کہا کہ سنجے دت کو فلم کے آخری حصے میں پیش کرنے کا خیال ایک لمحے کے لئے میرے ذہن میں بھی آیا تھا لیکن پھر میں نے اسے نظر انداز کردیا۔
راج کمار ہیرانی کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا بالکل عجیب لگتا کہ پوری فلم میں آپ رنبیر کپور کو سنجے دت کے طور پر دیکھتے اور پھر اچانک آگے سنجے دت اپنے کردار کو نبھانے کے لئے آجاتے تو یہ چیز شائقین کو متاثر نہیں کرتی۔