Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر ڈالنے پرانوشکا اور ویرات کو قانونی نوٹس

بولی وڈٖ اداکارہ انوشکا شرما اور ان کے کرکٹر شوہر کو ارہان سنگھ نامی اس نوجوان نے قانونی نوٹس بھجوادیا، جس کی ویڈیو بناکر جوڑے نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

ویرات کوہلی نے رواں ماہ 18 جون کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں ان کی اہلیہ انوشکا شرما کار میں سوار ایک نوجوان کو سڑک پر کچرا پھینکنے پر ڈانٹتی نظر آئی تھیں۔

سڑک پر کچرا پھینکنے والے نوجوان کو ڈانٹ پلانے کی انوشکا شرما کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی اور کئی لوگوں نے اداکارہ کے اس عمل کی تعریف کی تھی، تاہم متعدد افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

بعد ازاں انوشکا شرما کی ڈانٹ کھانے والے نوجوان نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی کار سے پلاسٹک کی بوتل غلطی سے سڑک پر گر گئی تھی، جس کی انہوں نے اداکارہ سے معافی بھی مانگی، مگر اداکارہ باز نہ آئیں اور انہیں برا بھلا کہ کر سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کی۔

کچرا پھینکنے والے نوجوان ارہان سنگھ کے حوالے سے بعد میں پتہ چلا کہ وہ بھی ماضی میں بولی وڈ فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کر چکے ہیں۔

اب ارہان سنگھ نے معافی مانگنے کے باوجود ان کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی غرض سے انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق ارہان سنگھ نے بتایا کہ ان کی قانونی ٹیم نے جوڑے کو قانونی نوٹس بھجوادیا ہے اور اب گیند انوشکا اور ویرات کے کورٹ میں ہے۔

دوسری جانب انوشکا شرما کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ اداکارہ کو ارہان سنگھ کا قانونی نوٹس مل گیا ہے، جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اداکارہ کے ترجمان نے اس حوالے سے مزید بات کرنے سے معذرت کرلی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی بھی نوجوان کو نوٹس کے بدلے نوٹس بھجوائیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.