Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

جب شاہ رخ بیمار عرفان خان کی مدد کو پہنچے

بولی وڈ کے نامور اداکار عرفان خان کی بیماری کی خبر سن کر ان کے مداح اداس ہونے کے ساتھ ساتھ کافی حیران بھی ہوئے۔

اداکار نے 16 مارچ 2018 کو مداحوں کو باخبر کیا تھا کہ ان میں نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض کی تشخیص ہوگئی ہے، جس کے علاج کے لیے وہ بیرون ملک جائیں گے۔

عرفان خان اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ لندن میں موجود ہیں، جہاں ان کا اعلان جاری ہے۔

تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ عرفان خان کے لندن روانہ ہونے سے قبل ایسے وقت میں ان کی مدد کرنے کے لیے کوئی اور نہیں بلکہ بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان سب سے پہلے پہنچے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق عرفان خان کی اہلیہ سوتاپا نے شاہ رخ خان کو لندن جانے سے کچھ روز قبل فون کیا، جس کے بعد شاہ رخ فوری طور پر عرفان خان کے گھر ان سے ملاقات کرنے پہنچے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شاہ رخ نے عرفان خان کے ساتھ دو گھنٹے سے زائد بات چیت کی، جس کے بعد واپس جانے سے قبل اداکار نے عرفان خان کو لندن میں موجود اپنے گھر کی چابیاں دے کر انہیں وہاں رہنے کی پیشکش کی۔

عرفان خان اور ان کی فیملی نے شاہ رخ کے اس عمل کو خوشی خوشی قبول کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں عرفان خان کا بھارتی اخبار میں ایک خط شائع ہوا، جس میں اداکار نے واضح کیا کہ ان کی بیماری معمولی نہیں بلکہ بڑی ہے اور انہوں نے اب اس بیماری کو تسلیم کرکے اس کے آگے سر تسلیم خم کردیا ہے۔

اخبار میں شائع ان کے لمبے چوڑے خط میں انہوں نے ہسپتال میں اپنے علاج، لندن میں اپنی مصروفیات، اپنے خیالات اور ذہنی حالت سے متعلق بھی کھل کر بات کی تھی۔

اداکار کی باتوں سے اندازہ ہورہا تھا کہ اگرچہ وہ مایوس نہیں، تاہم وہ سخت ذہنی اذیت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، ساتھ ہی انہیں بیماری کے باعث پہنچنے والی تکلیف کا بھی پتہ چلتا ہے۔

واضح رہے کہ نیورو اینڈوکرائن ٹیومر ایسی رسولی ہے جو کہ ہارمونل اور اعصابی نظام کے خلیات میں نمایاں ہوتی ہے۔

عام طور پر اس مرض میں ہارمون پیدا کرنے والے اعصابی خلیات میں ٹشوز کی نشوونما غیرمعمولی ہوجاتی ہے، عموماً آنتوں میں یہ مرض سامنے آتا ہے، مگر یہ مرض لبلبے، پھیپھڑوں اور جسم کے کسی بھی حصے میں بھی نمودار ہوسکتا ہے۔

امید ہے عرفان خان جلد صحت یاب ہوکر واپس اپنی فلموں میں کام کا آغاز کریں گے۔

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.