اس سال آئیفا ایوارڈز میں بڑے اسٹارز کا شرکت سے انکار
بھارتی ایوارڈز آئیفا کا انتظار ہر سال شائقین کو بےصبری سے ہوتا ہے، جس کی وجہ اس میں بولی وڈ کے نامور اسٹارز کی شرکت، شاندار پرفارمنسز اور میزبانوں کی کامیڈی رہی ہے۔
اس سال آئیفا ایوارڈز تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں منعقد ہونے جارہے ہیں۔
تاہم اس سال آئیفا ایوارڈز میں بولی وڈ کے تینوں خانز شاہ رخ، عامر اور سلمان جلوہ گر نہیں ہوں گے اور اب کئی اور اداکار بھی اس ایونٹ میں شامل نہیں ہوپائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اداکار شاہد کپور انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز (آئیفا) میں پرفارم کرنے والے تھے، تاہم چوٹ لگنے کے باعث اب وہ بھی اس شو کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔
شاہد کپور اس وقت اپنی فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جہاں ایک سین کی شوٹنگ کے دوران انہیں پیٹ پر چوٹ لگ گئی۔
اس کے بعد وہ ممبئی آکر آئیفا میں اپنی ڈانس پرفارمنس کی تیاری میں مصروف ہوگئے، تاہم دوبارہ تکلیف اٹھنے کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا جس کے بعد انہوں نے آئیفا میں شرکت سے انکار کردیا۔
شاہد کپور کے علاوہ اداکارہ وانی کپور بھی شو میں پرفارم کرنے والی تھیں، تاہم انہوں نے بھی ایونٹ میں آنے سے انکار کردیا۔
رپورٹس تھیں کہ خراب صحت کے باعث اداکار ارجن کپور بھی اس ایونٹ کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔
انہوں نے چند روز قبل ٹویٹ میں بتایا تھا کہ وہ بیمار ہیں، تاہم آئیفا میں شرکت کے لیے انہیں آرام کی ضرورت ہے۔
I hate being sick… it’s such a dilemma sometimes do u medicate urself & work thru the sickness or rest it out n lose out on work & ur time…anyway I guess have to rest it out n recover in time for @IIFA & nail it on stage there…
— Arjun Kapoor (@arjunk26) June 20, 2018