بھارتی اداکارائیں امریکا میں جسم فروشی میں ملوث
بھارتی تیلگو فلموں میں کام کرنے والی اداکاراؤں کا امریکا میں جسم فروشی میں ملوث ہونے کا اسکینڈل سامنے آگیا۔ اس اسکینڈل کے منظر عام پر آتے ہی امریکا میں یہ گھناؤنا دھندہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیلگو فلموں میں چھوٹے چھوٹے کردار ادا کرنے والی اداکاراؤں کو مختلف ثقافتی پروگراموں اور کانفرنسوں کے بہانے امریکا مدعو کرکے جسم فروشی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
گزشتہ دنوں شکاگو پولیس نے ایک ایسا ہی گروہ چلانے کے الزام میں تیلگو فلموں کے ایک پروڈیوسر اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کیا اور اس کے بعد فرد جرم بھی عائد کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مختلف اداکاراؤں کو فلموں میں کام دلانے اور اضافی آمدن کے لئے امریکا بھیجا جاتا تھا جس کے لئے انہیں 2 سے 3 لاکھ روپے دیئے جاتے تھے۔ اس کے علاوہ رقم کا دارومدار اداکارہ کی مقبولیت پر بھی ہوتا تھا۔
تیلگو فلموں میں کام کرنے والی معروف اداکارہ سری ریڈی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں بھی امریکا میں جسم فروشی کے لئے پیشکش کی گئی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کام دلانے کے عوض اداکاراؤں کو امریکا میں جسم فروشی پر مجبور بھی کیا جاتا ہے۔ سری کا مزید کہنا ہے کہ جسم فروشی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کا گروہ حیدرآباد میں بھی اپنے نمائندے رکھے ہوئے ہے جو مختلف اداکاراؤں سے رابطے کرتے ہیں۔